نہ جھکوں گا اور نہ ہی کوئی سودا کروں گا، عمران خان
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں قید تنہائی میں رکھو ڈرانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور میں نہیں جھکوں گا اور نہ ہی کوئی سودا کروں گا۔عمران خان سے اڈیالہ جیل میں علیمہ خان اور دیگردوبہنوں نے ملاقات کی جہاں انہوں نے کہا کہ میں نہیں جھکوں اور نہ ہی کوئی سودا کروں گا۔
علیمہ خان نے اپنی بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کارکنان کے شکر گزار ہیں وہ ہمارے ساتھ یہاں کئی مہینوں سے کھڑے رہے، تین ماہ سے ہم آرہے تھے ملاقات کا موقع نہیں دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے آج ہماری ملاقات ہوئی ہے، 4 مہینے بعد ہماری اکٹھے بہنوں کی ملاقات کرائی گئی، سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر سمیت باقی وکلا کی ملاقات بھی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، ان کی صحت بھی ٹھیک ہے، بانی کی آنکھ میں کوئی مسئلہ ہے، اس کے لیے ہم عدالت میں درخواست دے رہے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کے علاج کے لیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز معائنے کے لیے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ججوں کا ضمیر ہوتا تو اتنا ظلم نہ ہوتا، بانی کو شیر شاہ اور شاہریز کی گرفتاری کے متعلق بتایا ہے، انہوں نے کہا ہے ظلم و زیادتی کی ساری ذمہ داری عدلیہ پر ہے۔
عمران خان نے سزاؤں اور نااہلیوں پر بتایا یہ کبھی پاکستان میں نہیں ہوا، کرکٹ کو محسن نقوی نے تباہ کیا ہے، میڈیا کا گلا دبا کر کنٹرول کرلیا گیا ہے، مین اسٹریم میڈیا کی حیثیت اب عوام میں ختم ہوگئی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیرستان میں آپریشن نہیں ہونا چاہیے، ملٹری آپریشن روک دینا چاہیے کیونکہ اسے عدم استحکام پیدا ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ افغان بھائیوں کو پاکستان سے نہیں نکالنا چاہیے، افغانوں کو نکالنا اسلامی روایات کے خلاف ہے، افغانوں کی واپسی پر شرمندہ ہوں۔انہوں نے بونیر اور دیگرعلاقوں میں سیلاب کی تباہ کاری پر افسوس کا اظہارکیا اورکہا کہ بلین ٹری منصوبے کی قدر اب عوام کو سمجھ آنی چاہیے۔
عمران خان نے پارٹی کو ہدایات دی ہیں کہ پارلیمینٹ کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہوجائیں اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے بھی بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجا کو ہدایات دی ہیں۔انہوں نے کہا ہے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیں، انتخابات میں حصہ لے کر ان انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ مسترد کیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے آج سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی دوبارہ ہدایت کی ہے، پارٹی مشاورت کے بعد بانی پی ٹی آئی حتمی فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی کا واضع مؤقف ہے ضمنی انتخابات کا جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے، پارٹی میں اگر کسی کی مختلف رائے ہوگی تو وہ اس کو بھی دیکھ لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی صحت اچھی تھی آج عدالت میں ماحول اچھا تھا۔