پی ایس ایل 10 مئی کے وسط سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان
– اسلام آباد (رپورٹ: محمد عبداللہ شہزاد) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن، جو بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث اچانک ملتوی کر دیا گیا تھا، اب 15 یا 16 مئی سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے اور اس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد ٹیموں کو دوبارہ مدعو کیا جا رہا ہے جبکہ نئے شیڈول اور وینیوز کی تفصیلات جلد جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر تھی، تو سیکیورٹی اداروں نے کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا کہ عوامی اجتماعات کو فی الحال روکا جائے۔ اسی بنیاد پر ٹورنامنٹ کو وقتی طور پر مؤخر کر دیا گیا تھا۔
اب حالات میں بہتری آنے کے بعد شائقین کرکٹ ایک بار پھر سے پی ایس ایل کے میدانوں میں سنسنی خیز مقابلوں کے منتظر ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے، تاہم اس خبر نے کرکٹ دیوانوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔