جاب فیئر کا مقصد پیشہ ور افراد کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، پاکستانی سفیر
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین میں پاکستان کے سفارت خانے، چائنا اوورسیز ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن اور چائنا انٹرنیشنل انٹلیک ٹیک گروپ کمپنی لمیٹڈ کے تعاون سے چین میں پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے ایک جاب فیئر کا کامیاب اہتمام کیا گیا۔ اس جاب فیئر میں تقریباً 2,000 شرکاء موقع پر اور آن لائن شامل ہوئے۔مجموعی طور پر 372 پاکستانی امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے تقریباً 100 امیدواروں نے معروف چینی سرکاری اداروں کے نمائندوں کے ذریعے آن سائٹ ابتدائی انٹرویوز میں شرکت کی۔
یہ پاکستانی سفارت خانے کی قیادت میں پہلا ایسا اقدام ہے جس کا مقصد چین میں تربیت یافتہ پاکستانی پیشہ ور افراد کو براہِ راست چینی اداروں سے جوڑنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے جاب فیئر کو ایک پائلٹ اقدام قرار دیا، جس کا مقصد چینی اوورسیز منصوبوں میں پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کے مواقع کی نشاندہی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی پیشہ ور افراد تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ چینی زبان اور ثقافت کا فہم بھی رکھتے ہیں، جو انہیں سپروائزری اور مڈل مینجمنٹ سطح کے عہدوں کے لیے موزوں بناتا ہے۔بھرتی کا عمل اب اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کے تحت شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں سے انفرادی طور پر مزید انٹرویوز اور حتمی انتخاب کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔