سال کے دوران درآمدات و برآمدات کی مجموعی مالیت45ٹریلین یوآن سے تجاوز کر گئی
بیجنگ (ویب ڈیسک) چائنا کسٹمز کے اعدادوشمار کے مطابق،2025میں چین کی درآمدات و برآمدات کا کل حجم 45.47 ٹریلین یوآن تک پہنچ گیا، جو کہ سال بہ سال 3.8 فیصد کا اضافہ ہے۔ اس میں برآمدات کا حجم 6.1 فیصد کے اضافے کے ساتھ 26.99 ٹریلین یوآن جبکہ درآمدات کا حجم 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 18.48 ٹریلین یوآن تک جا پہنچا ہے۔ چین کی غیر ملکی تجارت میں پانچ نمایاں خصوصیات سامنے آئی ہیں، سب سے پہلے، تجارتی حجم ایک نئی بلندی تک پہنچ گیا۔ پورے سال کے دوران درآمدات و برآمدات کی مجموعی مالیت 45 ٹریلین یوآن سے تجاوز کر گئی، جس نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ چین کارگو ٹریڈ میں دنیا کے سب سے بڑے ملک کے طور پر اپنی پوزیشن بدستور برقرار رکھےگا۔
دوسرا، مارکیٹ زیادہ متنوع ہوتی جا رہی ہے. چین کے 240 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں اور 190 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے ساتھ چین کی درآمدات و برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے شراکت دار ممالک کے لئے درآمدات اور برآمدات کی مالیت 23.6 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی، جو کہ 6.3 فیصد کا اضافہ ہے۔ آسیان، لاطینی امریکہ اور افریقہ کے ساتھ درآمدات اور برآمدات کی مالیت بالترتیب 7.55 ٹریلین یوآن، 3.93 ٹریلین یوآن، اور 2.49 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی، جو کہ بالترتیب 8فیصد ، 6.5فیصد، اور 18.4فیصد کا اضافہ ہے۔ تیسرا، برآمدات میں نئی اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
چین کی ہائی ٹیک مصنوعات کی برآمدی مالیت 5.25 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی، جو 13.2 فیصد کا اضافہ ہے۔ چوتھا، چین کی درآمدات میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔ 2025 کی دوسری سہ ماہی سے، چین کی درآمدات نے مسلسل تین سہ ماہیوں تک ترقی کو برقرار رکھا ہے۔ پانچواں، کاروبار زیادہ متحرک ہیں، غیر ملکی تجارت میں نجی صنعتی و کاروباری ادارے ” مرکزی انجن ” کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان اداروں کی درآمدات و برآمدات کی مالیت26.04 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی ہے جو 7.1 فیصد کا اضافہ ہے اور اس کا کل درآمدی و برآمدی حجم میں تناسب 57.3 فیصد تک جا پہنچا ہے۔