جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے اپنی فٹنس اور کارکردگی کا راز بتا دیا
ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ میں ویسٹا رائیڈرز کے اسٹار بیٹر اور سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی شاندار فارم میں ہیں۔ ویسٹا رائیڈرز نے اب تک چار میں سے تین میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے، جبکہ ٹیم نے اپنے آخری دو میچوں میں مسلسل کامیابیاں حاصل کیں۔فاف ڈو پلیسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ابو ظہبی ٹی ٹین کا ہر مقابلہ انتہائی سخت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگاتار فتوحات ٹیم کے لیے مومینٹم قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ان کے مطابق ٹورنامنٹ میں ٹیموں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی آسان نہیں، تاہم ویسٹا رائیڈرز کا ہدف ٹائٹل کی دوڑ میں آگے تک جانا ہے۔فاف ڈو پلیسی نے بھارتی فاسٹ بولر ایس سری سانتھ کے ساتھ ایک ہی ٹیم میں کھیلنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری سانتھ ہمیشہ سے بے حد جذباتی اور فائٹر کرکٹر رہے ہیں، اور گیند کو شاندار انداز میں سوئنگ کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ماضی میں جنوبی افریقہ میں آندرے نیل کے خلاف سری سانتھ کے یادگار ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے ساتھ کھیلنا ’’بہت اچھا محسوس ہوتا ہے‘‘۔
23نومبر کو ناردرن وارئرز کے خلاف میچ میں فاف ڈو پلیسی نے اس سیزن کی پہلی نصف سنچری 212 کے اسٹریک ریٹ کے ساتھ اسکور کی اور ٹیم کو 116 رنز کا ہدف چار گیندیں پہلے حاصل کرنے میں مدد دی۔اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے حوالے سے 37 سالہ کرکٹر نے کہا کہ وہ جم میں ہفتے میں چار سے پانچ روز باقاعدگی سے ٹریننگ کرتے ہیں اور ڈائٹ، نیوٹریشن اور ریکوری پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فٹنس میں مستقل مزاجی اور ہولسٹک روٹین ان کی کامیابی کی بنیادی وجہ ہے۔