بیجنگ :چین کے مشرق وسطیٰ امور کے خصوصی ایلچی زائی جون نے ایران کا دورہ کیا اور ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری کانی، نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی اور ایرانی وزیر خارجہ کے معاون و خلیج فارس امور کے ڈائریکٹر جنرل محمد علی بک سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں چین۔ایران تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔زائی جون نے کہا کہ چین اور ایران کے درمیان دیرینہ روایتی گہری دوستی ہے۔ رواں سال چین اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 55ویں سالگرہ اور دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 10ویں سالگرہ ہے۔ چین اس موقع کو دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے فروغ کے لیے بروئے کار لانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال طویل ہوتی جا رہی ہے اور اس کے اثرات دیگر علاقوں تک پھیل رہے ہیں۔ چین کا مؤقف ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوسکتے، تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے اور متعلقہ فریقوں کو امن کا راستہ اختیار کرتے ہوئے منطقی اور عملی رویے کے ساتھ سیاسی حل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ خطے میں جلد از جلد استحکام اور ترقی بحال ہوسکے۔زائی جون نے کہا کہ چین صدر شی جن پھنگ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پیش کیے گئے مختلف اقدامات اور تجاویز پر قائم رہتے ہوئے خطے کے ممالک کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات فروغ دینے، مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے تصور پر عمل کرنے، علاقائی سلامتی کا نیا ڈھانچہ تشکیل دینے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی حمایت کرتا ہے۔