بیجنگ :چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ حال ہی میں سعودی عرب کے قومی سلامتی کے مشیر اور ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے نائب سیکرٹری نے چین کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال میں، چین سعودی عرب، ایران اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ روابط اور بات چیت بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ فوری ترجیح یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی کے حوالے سے صدر شی جن پھنگ کی پیش کردہ متعدد تجاویز اور اقدامات کی رہنمائی میں، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ موقف اختیار کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعات حل کرنے کی حمایت کرے گا، یمن کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کو فروغ دے گا، اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے محفوظ اور جامع حل تیار کرنے میں مدد دے گا۔