آئی ایل ٹی 20،: نکولس پوران نے سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ایم آئی ایمریٹس کو فتح دلا دی

0


ابوظہبی: ویسٹ انڈیز کے پاور ہٹر نکولس پوران نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 میں ریکارڈ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ایم آئی ایمریٹس کو فتح دلا دی اور اپنی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچا دیا۔پوران نے میچ میں 57 گیندوں پر ناقابل شکست 89 رنز بنائے، جس کے دوران وہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ انہوں نے الیکس ہیلز کے 1405 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔پوران اب لیگ میں 43 اننگز کے دوران 1463 رنز بنا چکے ہیں، ان کی اوسط 48.76 اور اسٹرائیک ریٹ 144.13 ہے، جبکہ وہ 9 نصف سنچریاں اور 94 چھکے بھی لگا چکے ہیں۔سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا لگانے کے حوالے سے پوران نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی اس گیند کا تصور کر لیا تھا، تاہم فل ٹاس ملنے کے باوجود اسے باؤنڈری کے پار پہنچانا ضروری تھا۔ انہوں نے فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا دن تھا اور وہ اس کارکردگی پر شکر گزار ہیں۔میچ میں ڈیزرٹ وائپرز کے وریتیا اروند نے 12 گیندوں پر 25 رنز جبکہ خزیمہ تنویر نے 5 گیندوں پر ناقابل شکست 14 رنز بنا کر مقابلہ برابر کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ خزیمہ نے سپر اوور میں شیرفین ردرفورڈ کو آؤٹ کیا، جس کے بعد ایم آئی ایمریٹس کو آخری گیند پر 3 رنز درکار تھے۔پوران نے لیگ میں مقامی کھلاڑیوں کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وریتیا اروند، ظہور اور وسیم جیسے کھلاڑی بہترین ٹی 20 کرکٹرز بن رہے ہیں اور لیگ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ایم آئی ایمریٹس نے اس کامیابی کے بعد 4 میچوں میں 6 پوائنٹس حاصل کرکے ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ پوران نے دوسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ٹورنامنٹ طویل ہے اور ٹیم کو عاجزی کے ساتھ محنت جاری رکھنا ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.