دبئی (نمائندہ خصوصی) قونصل جنرل پاکستان، حسین محمد نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی قومی اثاثہ ہیں اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی میں انڈیکس ایکسچینج کے زیرِ اہتمام شروع کی جانے والی خصوصی آگاہی مہم “اب کی بار — روشن پاکستان کی بہار” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام بخشتی ہیں بلکہ پاکستان کے روشن اور خود کفیل مستقبل کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم بیرونِ ملک پاکستانیوں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ گرین انرجی کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
اس موقع پر انڈیکس ایکسچینج کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ہمایوں مراد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہمیشہ سے جدید مالی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتا رہا ہے، اور یہ مہم دراصل ایک ایسے وژن کی عکاس ہے جس کے ذریعے توانائی کے متبادل ذرائع خصوصاً سولر انرجی کے استعمال کو عام کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کو توانائی کے بحران سے نکالا جا سکے۔ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر، علی زیب خان نے مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات ترسیلاتِ زر کے نظام کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے گرین انرجی کے منصوبوں کو پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر سید عبدالسلام اور چیف بزنس آفیسر میر کے رسول نے واضح کیا کہ یہ مہم محض ایک پروموشن نہیں بلکہ ایک پائیدار مستقبل کی جانب قدم ہے، جہاں ہر ٹرانزیکشن نہ صرف خاندانوں کی مالی مدد کرتی ہے بلکہ انہیں توانائی کے خود مختار حل کی طرف بھی لے جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر محنت کش کی کہانی محنت اور ذمہ داری سے جڑی ہوتی ہے اور یہ مہم ان کہانیوں کو ایک نئی سمت دے گی۔
تقریب میں پریس قونصلر صالح محمد سمیت پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شبیر مرچنٹ، راشد اشرف، سید سلیم اختر، انجینئر زبیر خان، سلمان وصال، عامر حسن، ڈاکٹر محمود رحمان، ڈاکٹر ظفر طاہر، اعجاز بخاری، خالد اے ملک، شاہد آصغر بنگش، رانا احمر رفیق اور خلیل الرحمان بونئیری نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس مہم کے تحت صارفین جب بھی انڈیکس ایکسچینج کے ذریعے پاکستان رقم بھیجیں گے تو ہر ٹرانزیکشن پر انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے اپنے گھروں کو سولر پینلز سے روشن کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر “جو دل ہے، جو ہے جاں — آؤ کریں روشن پاکستان” کے پیغام کے ساتھ تمام شرکاء کو اس مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی۔