چینی بحریہ کا "سلک روڈ آرک” اسپتال جہاز مشن مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گیا

0

جہاز نے تقریباً 36 ہزار ناٹیکل میل کا سفر طے کیا

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی بحریہ کا "سلک روڈ آرک” اسپتال جہاز "ہارمونی مشن-2025” کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد صوبہ ہائی نان کے شہر سانیا کی ایک فوجی بندرگاہ پر واپس پہنچ گیا۔ اس مشن کی مدت 234 دن رہی اور جہاز نے تقریباً 36 ہزار ناٹیکل میل کا سفر طے کیا۔اتوار کے روز چینی میڈیا کے مطابق یہ 2010 سے اب تک چینی بحریہ کی جانب سے "ہارمونی مشن” سلسلے کے تحت 11واں مشن تھا، جبکہ "سلک روڈ آرک” اسپتال جہاز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب اس نے بیرونِ ملک خدمات انجام دیں۔

یہ جہاز 5 ستمبر 2025 کو چھوان جو سے روانہ ہوا تھا۔ مشن کے دوران اس نے جنوبی بحرالکاہل، کیریبین اور بحرِ اوقیانوس کے مختلف علاقوں کا سفر کیا اور ناؤرو، فجی، ٹونگا، جمیکا، بارباڈوس اور پاپوا نیو گنی میں طبی خدمات فراہم کیں، جبکہ برازیل اور چلی میں طبی تبادلے اور تعاون کی خدمات فراہم کیں۔

مشن کے دوران طبی ٹیم نے تین طریقوں” جہاز پر علاج، ساحلی علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپ اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کی منتقلی” کے ذریعے خدمات انجام دیں۔ ان خدمات سے مقامی آبادی، سمندر پار چینی شہریوں اور متعلقہ اداروں کے افراد مستفید ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 26 ہزار 300 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا، 2700 سے زائد آپریشن کیے گئے، 17 ہزار سے زیادہ لیبارٹری اور دیگر تشخیصی ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ 136 مریضوں کو داخل کر کے علاج فراہم کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.