مسلم لیگ ہائوس میں بشریٰ فردوس کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، مرحومہ کی خدمات کو خراجِ عقیدت

0

بشریٰ فردوس کی خدمات پارٹی تاریخ کے سنہرے باب کا حصہ رہیں گی،فرخ خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی رہنما مرحومہ بشریٰ فردوس کی یاد میں مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا، جس میں پارٹی قیادت، منتخب نمائندگان ،بشریٰ فروس کے صاحبزادے میاں قاسم ،مرحومہ کے بھائی ،بہن اور فیملی کے دیگر ممبران سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں مسز فرخ خان رکن قومی اسمبلی، پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مسلم لیگ اسلام آباد کے صدر رضوان صادق خان، مسلم لیگ علما و مشائخ ونگ کے نومنتخب صدر چراغ الدین شاہ، چوہدری جہانگیر ،عبدالرحیم اعوان،ملک عمران ،مطیع اللہ،سابق ایم پی اے ثریا نسیم، خواتین ونگ کی مرکزی عہدیداران فوزیہ ناز، آمنہ سلیم، آمنہ خانم سمیت ضلعی ذمہ داران اور کارکنان شریک ہوئے۔

ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مرحومہ بشریٰ فردوس کی سیاسی جدوجہد، جماعت کے لیے اُن کی بے لوث خدمات اور خواتین کے حقوق کے لیے اُن کی مسلسل جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مرحومہ ایک ’’فعال، باصلاحیت اور باوفا‘‘ رہنما تھیں جنہوں نے ہمیشہ پارٹی نظریے کو مضبوط کیا اور ہر مشکل گھڑی میں جماعت کا وقار بلند رکھا۔مسز فرخ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بشریٰ فردوس مسلم لیگ کا قیمتی اثاثہ تھیں، انہوں نے چیلنجز کے باوجود پارٹی کا پرچم سربلند رکھا۔

ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی اور ان کی خدمات پارٹی تاریخ کے سنہرے باب کا حصہ رہیں گی۔چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے بھی مرحومہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ رضوان صادق خان نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔تقریب کے اختتام پر مرحومہ بشریٰ فردوس کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکاء نے ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت غم کی اس گھڑی میں خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.