کامران مسیح کو ہلالِ جُرات سے نوازا جائے،اکرم گل کا مطالبہ

پاک فضائیہ کے شیر دل پائلٹ کامران مسیح کو نیویارک میں شاندار خراج تحسین

نیویارک (ویب ڈیسک) پاکستان ایئر فورس کے ہیرو اور جنگ کے غازی کامران مسیح کے اعزاز میں نیویارک میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر اکرم مسیح گل نےبطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پاک فوج کی تاریخی کامیابی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔تقریب کا اہتمام پاکستان کرسچن ایسوسی ایشن، اوورسیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن اور کونسل آن پاک-امریکہ ریلیشنز کے باہمی اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد پاک فوج کی جرات مندانہ کارکردگی کو سراہنا اور قوم کی جانب سے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

اکرم مسیح گل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے شیر دل پائلٹ کامران مسیح کی بہادری پر اس سپوت کو قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ کے شیر دل پائلٹ کامران مسیح نے دفاع وطن میں بہادری کی مثال قائم کی اور دشمن کی صفوں کو تہہ تیغ کرتے ہوئے بخیرو عافیت واپس پہنچے۔انہوں نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ پاک فضائیہ کے شاہین کامران مسیح کی بہادری کو پاکستان کے دوسرے بڑے فوجی اعزاز "ہلالِ جُرات” سے نوازاجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ "کامران مسیح کی شجاعت ہمارے لیے باعث فخر ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بھی چاہیے کہ کامران مسیح کے نام سے ادارے منسوب کریں تاکہ دنیا بھر میں پاک فوج کی بہادری اجاگر کی جا سکے۔”اکرم مسیح گل نے کہا کہ ہماری افواج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کی سب سے پیشہ ور، دلیر اور باصلاحیت فورس ہیں۔” انہوں نے کہا کہ یہ صرف افواج پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی غیرت، خودداری اور اصولوں کی فتح ہے۔

اکرم گل نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر بلا جواز جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، مگر ہماری بہادر افواج نے نہ صرف تحمل کا مظاہرہ کیا بلکہ دشمن کے ہر وار کا بھرپور اور مؤثر جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔انہوں نے مکمل اور فوری جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا اورامریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوںنے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پرولیم شہزاد، جیمس سپرین،پاسٹر روبن یامین، مشتاق کمبوہ،محمد ظہیر، مسز طاہرہ شریف ودیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔

Comments (0)
Add Comment