بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے ملک کی پندرہویں پانچ سالہ منصوبہ بندی کی تیاری کے حوالے سے اہم ہدایات دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پانچ سالہ منصوبہ بندی کی سائنسی طریقے سے تشکیل اوراس پر مسلسل عمل درآمد، ہماری پارٹی کی ملک کی حکمرانی میں ایک اہم تجربہ ہے اور چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی ایک اہم سیاسی برتری بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی پندرہویں پانچ سالہ منصوبہ بندی کی تشکیل اور اس پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ سائنسی، جمہوری اور قانون پر مبنی فیصلہ سازی پر قائم رہتے ہوئے مختلف طریقوں سے عوام اور تمام سماجی حلقوں کی آراء اور تجاویز کو سنا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پارٹی کارکنوں اور عوام کےعمل سے حاصل شدہ موجودہ تجربے کو مکمل طور پر بروئے کار لاتے ہوئے فرائض، اہداف اور پالیسی اقدامات کی منظم، جامع اور مربوط نوعیت پر توجہ دینا ہوگی اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبہ بندی انجام دینا ہوگی۔
اطلاع کے مطابق چین 2026 میں ملک کی ” پندرہویں پانچ سالہ منصوبہ بندی” پر عمل درآمد شروع کر دے گا۔ اس وقت سی پی سی سینٹر ل کمیٹی اس ” پانچ سالہ منصوبہ بندی” کے مسودے کے لئے تجاویز کے حصول کا اہتمام کر رہی ہے اور متعلقہ محکمے مستقبل قریب میں مختلف طریقوں سے اس منصوبہ بندی کی تیاری کے بارے میں پارٹی کارکنوں،عام شہریوں، ماہرین اور اسکالرز کی آرا اور تجاویز حاصل کریں گے۔