دونوں ممالک مذاکرات کی بحالی اور تعلقات بہتر بنانے کے خواہش مند ہیں، وانگ ای
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ براسوکن اور تھائی وزیر خارجہ مالی کو صوبہ یون نان کے شہر آن نینگ میں چائے کے استقبالیہ میں مدعو کیا ، اور خوشگوار ماحول میں کمبوڈیا ۔تھائی لینڈ سرحدی تنازع پر دوستانہ اور کھلا تبادلہ خیال کیا۔جمعہ کے روز وانگ ای نے کہا کہ دونوں فریق سرحدی تنازع کو طول نہیں دینا چاہتے اور مذاکرات کی بحالی اور تعلقات بہتر بنانے کے خواہش مند ہیں۔
آن نینگ میں منعقد ہونے والا لان کانگ۔ میکونگ وزرائے خارجہ اجلاس اس سلسلے میں ایک موزوں موقع فراہم کرتا ہے ۔ "آن نینگ” کا مطلب ہی امن اور ہم آہنگی ہے ، جو ہمسایہ ممالک کے بقائے باہمی کا راستہ بھی ہے۔ امید ہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ مشترکہ طور پر یہاں "امن کی آواز” بلند کریں گے، جو دونوں عوام کی خواہش اور خطے کی مشترکہ توقع کے عین مطابق ہوگا۔
اسی روز وانگ ای نے تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ مالی، کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ براسکون، میانمار کے وزیر خارجہ ڈین سوئی، لاؤ وزیر خارجہ تھونگ ساون اور ویتنام کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ بوئی تھان سون سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جو لان کانگ۔میکونگ تعاون کے دسویں وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین آئے ہیں۔