ابوظبی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 میں ایم آئی ایمریٹس نے ابوظبی نائٹ رائیڈرز کو 36 رنز سے شکست دے کر سیزن کی دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شیرفین ردرفورڈ کی دھواں دار بیٹنگ اور ایم آئی ایمریٹس کے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ایم آئی ایمریٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ شیرفین ردرفورڈ نے صرف 18 گیندوں پر 51 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ نکولس پورن 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد وسیم نے 41 اور کوسل پریرا نے 33 رنز بنائے۔ردرفورڈ نے اننگز کے آخری مرحلے میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جیسن ہولڈر کے 18ویں اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر مسلسل چھکے لگائے اور صرف 17 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کیرون پولارڈ نے بھی میدان میں آتے ہی دو چھکے لگا کر ٹیم کے مجموعے کو 207 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ابوظبی نائٹ رائیڈرز کی جانب سے عبداللہ تراخیل نے 2 جبکہ سنل نارائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابوظبی نائٹ رائیڈرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا سکی۔ علیشان شرافو اور معین علی نے 36، 36 رنز بنائے، جبکہ فن ایلن نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ایم آئی ایمریٹس کے فضل الحق فاروقی اور ظہور خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راشد خان اور کرس جورڈن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ راشد خان نے 13 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور حریف بیٹرز کو دباؤ میں رکھا۔میچ کے بہترین کھلاڑی شیرفین ردرفورڈ قرار پائے۔