آئی ایل ٹی 20 میں ابراہیم زدران اور خضیمہ تنویر کی شاندار کارکردگی، بیلٹ ریس میں سب سے آگے


دبئی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 میں چھ میچز کے بعد گلف جائنٹس کے اوپنر ابراہیم زدران اور ڈیزرٹ وائپرز کے فاسٹ بولر خضیمہ تنویر انفرادی اعزازات کی دوڑ میں نمایاں ہوگئے ہیں، ابراہیم زدران گرین بیلٹ جبکہ خضیمہ تنویر وائٹ بیلٹ اپنے نام کر چکے ہیں، خضیمہ تنویر ریڈ اور بلیو بیلٹ کی ریس میں بھی سرفہرست ہیں۔ابراہیم زدران 167 پوائنٹس کے ساتھ بہترین بیٹر کی گرین بیلٹ پر قابض ہیں، جبکہ خضیمہ تنویر 189.5 پوائنٹس کے ساتھ بہترین بولر کی وائٹ بیلٹ اپنے نام کیے ہوئے ہیں۔ خضیمہ تنویر 206.5 پوائنٹس کے ساتھ موسٹ ویلیو ایبل پلیئر (ایم وی پی) کی ریڈ بیلٹ اور بہترین اماراتی کھلاڑی کی بلیو بیلٹ کی دوڑ میں بھی پہلے نمبر پر ہیں۔گلف جائنٹس کی ناقابل شکست کارکردگی میں ابراہیم زدران کا اہم کردار رہا ہے، انہوں نے شارجہ واریئرز کے خلاف 53 گیندوں پر 84 رنز بنائے، جس میں چھ چھکے شامل تھے، جبکہ ایم آئی ایمریٹس کے خلاف 35 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ وہ دو اننگز میں 134 رنز، 152.27 کے اسٹرائیک ریٹ اور 167 پوائنٹس کے ساتھ گرین بیلٹ کی دوڑ میں آگے ہیں۔دوسری جانب خضیمہ تنویر نے ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایم آئی ایمریٹس کے خلاف 2 وکٹیں، شارجہ واریئرز کے خلاف آخری تین اوورز میں 14 رنز دے کر 3 وکٹیں جبکہ دبئی کیپیٹلز کے خلاف مزید تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی مجموعی کارکردگی نے انہیں وائٹ، ریڈ اور بلیو بیلٹ کی دوڑ میں نمایاں برتری دلائی ہے۔گرین بیلٹ کی دوڑ میں شارجہ واریئرز کے پال والٹر 145 پوائنٹس کے ساتھ ابراہیم زدران کے قریب ترین حریف ہیں، جبکہ بولرز میں نور احمد 139 اور ڈیوڈ ویزے 137.5 پوائنٹس کے ساتھ خضیمہ تنویر کا تعاقب کر رہے ہیں۔ایم وی پی کی دوڑ میں ابراہیم زدران 182 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نور احمد 167 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ بلیو بیلٹ میں شارجہ واریئرز کے جنید صدیق 83 اور ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کے محمد روحید 77 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔سیزن 5 میں پوائنٹس سسٹم کو بھی تبدیل کیا گیا ہے، جس کے تحت وکٹ کے 14 پوائنٹس، ڈاٹ بال کے 2.5 پوائنٹس، تین وکٹوں پر 5 اضافی پوائنٹس جبکہ ٹاپ فور بیٹرز میں سے تین وکٹیں لینے پر یہ بونس 10 پوائنٹس ہوجاتا ہے۔ پانچ وکٹوں کی کارکردگی پر 35 اضافی پوائنٹس اور ہیٹ ٹرک پر 20 پوائنٹس دیے جائیں گے۔گرین اور وائٹ بیلٹ پورے ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل ہوسکتی ہیں، جبکہ ریڈ اور بلیو بیلٹ کا فیصلہ پلے آف سمیت مجموعی پوائنٹس کی بنیاد پر ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔ ہر بیلٹ کے فاتح کھلاڑی کو 15 ہزار امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment