چین بوٹسوانا کی اقتصادی و سماجی ترقی میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے، چینی صدر

بیجنگ :چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں بوٹسوانا کے صدر دوما گیدون بوکو کے ساتھ بات چیت کی، جو چین کے سرکاری دورے پرچین میں موجود ہیں۔ دونوں سربراہان مملکت نے دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری میں اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔شی جن پھنگ نے کہا کہ چین بوٹسوانا کی حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔ چین بوٹسوانا کی اقتصادی و سماجی ترقی میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ شی جن پھنگ نے چین-بوٹسوانا اور چین-افریقہ کان کنی کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے چار تجاویز پیش کیں: پہلی، تعاون کی اس پیشگی شرط پر قائم رہنا کہ افریقی وسائل کا مالک افریقہ ہے۔ دوسری، چین اس معاملے میں چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا کہ وہ افریقہ کے لیے موزوں سبز ٹیکنالوجیز کو منتقل کریں تاکہ کان کنی کی ترقی میں جنوب جنوب تعاون کو فروغ دیا جائے۔ تیسری، چین چین-افریقہ کان کنی تعاون کو صنعتی ویلیو ایڈڈ کی جانب تبدیل کرنے کو آگے بڑھائےگا اور اعلیٰ معیار کے تعاون کے ذریعے افریقہ کی جدید کاری کے عمل میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ چوتھی، افریقہ کے وسائل کو جغرافیائی سیاسی جدوجہد میں ایک آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، اور چین افریقہ کی ترقی کے لیے تمام فریقوں کی حقیقی حمایت کا خیرمقدم کرتا ہے۔صدر بوکو نے کہا کہ بوٹسوانا چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور بوٹسوانا میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کے لیے مزید چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوٹسوانا ترقی پذیر ممالک کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور چین-افریقہ یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔دونوں سربراہان مملکت نے گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو کو نافذ کرنے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی مشترکہ تعمیر، سبز کان کنی، صحت عامہ اور انسانی وسائل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخطوں کا مشترکہ طور پر مشاہدہ کیا۔ دونوں فریقوں نے عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ بوٹسوانا کے درمیان جامع اسٹریجٹک تعاون کی شراکت داری کے قیام کے بارے میں مشترکہ بیان جاری کیا۔ اسی شام، شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان نے عظیم عوامی ہال میں صدربوکو اور ان کی اہلیہ کےاعزاز میں ایک استقبالیہ ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔

Comments (0)
Add Comment