قاہرہ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ کے مصر کے سرکاری دورے کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ اور مصر کی ریاستی وزارت برائے اطلاعات کے مشترکہ زیرِ اہتمام، چین اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی سترویں سالگرہ کی مناسبت سے عوامی اور ثقافتی تبادلے کی ایک تقریب قاہرہ میں منعقد ہوئی۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے تقریب کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور اپنی جانب سے ایک تہنیتی پیغام بھیجا، چین اور مصر کے سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی ۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے میڈیا تعاون سے متعلق متعدد نتائج کا بھی اعلان کیا گیا ۔سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر شی جن پھنگ نے مصری میڈیا میں شائع ہونے والے اپنے دستخط شدہ مضمون میں کہا تھا کہ چین، مصر کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کی ترقی اور باہمی تعلقات کے مزید روشن مستقبل کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اتفاقِ رائے پر عمل درآمد اور چین۔مصر دوستی کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک ٹھوس قدم ہے۔شین ہائی شیونگ نے کہا کہ سی ایم جی مصر کے مختلف حلقوں کے دوستوں کے ساتھ عملی تعاون کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں "چین۔مصر تعاون کی رفتار” اور "جواب چین میں ہے” جیسے پروگراموں کی عکس بندی کا آغاز کیا گیا ہے، اور "سلک روڈ سینما ” کے عنوان سے چینی فلموں کی مصر میں نمائش کی مہم شروع کی گئی ہے۔
ساتھ ہی قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے ساتھ مشترکہ پراڈکشن، تکنیکی تبادلے اور باہمی دوروں و تحقیق جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کیا جا رہا ہے، تاکہ تہذیبوں کے درمیان تبادلے اور باہمی سیکھ کو فروغ ملے اور چین و مصر کی دوستی کے پھول اور زیادہ مہکیں ۔