ٹیکسلا (شوبز ڈیسک) ٹیکسلا میں قتل کی جانے والی ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلا منا کے قتل کیس میں نامزد تمام ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر کے قتل کے 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں مزید 20 افراد کو شامل تفتیش کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزم کاشف کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، ٹک ٹاکر کو 14 اگست کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ قتل، اقدام قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے موبائل فون پر کاشف نامی شخص کی کال آئی، جس کے بعد وہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر گئی، کچھ دیر بعد اہلخانہ کو اطلاع ملی کہ عائشہ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا ہے۔والد کے مطابق ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچ کر انہوں نے بیٹی کی لاش کی شناخت کی، جبکہ دوسری بیٹی اور بیٹا بھی زخمی حالت میں موجود تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عائشہ کی گردن پر گولی لگی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث مقتولہ کے بھائی اور دوسری بہن بھی زخمی ہوگئے۔