یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ "انڈسٹریل ایکسلریٹر ایکٹ” منصفانہ مسابقت کو کمزور کرتا ہے، چینی وزارت تجارت

بیجنگ (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے "انڈسٹریل ایکسلریٹر ایکٹ” جاری کیا، جس کے مطابق چار ابھرتی ہوئی اسٹریٹجک صنعتوں میں غیرملکی سرمایہ کاری پر پابندیوں کا ایک سلسلہ عائد کیا گیا۔ چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا طرز عمل سرمایہ کاری میں سنگین رکاوٹوں اور اسٹرکچرل امتیازی سلوک کو جنم دے رہا ہے، جس سے "سب سے پسندیدہ ملک” کے اصول کی خلاف ورزی کی گئی اور یورپی یونین میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کے لیے غیر یقینی صورت حال کومزید بڑھایا گیا ہے۔

چین اس پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی جانب سے متعلقہ صنعتوں کو ترقی دینے اور گرین ٹرانسفارمیشن کو فروغ دینے کے بہانے تحفظ پسندی اپنانے کے اقدامات نہ صرف قوائد و ضوابط کو نقصان پہنچائیں گے اور منصفانہ مسابقت کو کمزور کریں گے بلکہ عالمی سپلائی چین کو بھی غیر مستحکم کریں گے۔ چین یورپی یونین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ڈبلیو ٹی او کے ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے جلد از جلد ایک منصفانہ، شفاف اور غیر امتیازی تعاون کے راستے پر واپس آئے ،قوانین کی خلاف ورزی بند کرے اور تحفظ پسندی کے راستے پر مزید آگے نہ بڑھے۔

چین متعلقہ قانون سازی کے عمل کا باریک بینی سے مشاہدہ کرے گا، چین کے مفادات پر اس کے اثرات کا بغور جائزہ لے گا، اور چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق و مفادات کا پختہ تحفظ کرے گا۔

Comments (0)
Add Comment