اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔شہباز شریف نے کہا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تھیان جن سربراہ اجلاس میں شرکت اور جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ منانے کی تقریب میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں۔ پاکستان، چین پاکستان اقتصادی راہداری 2.0 اپ گریڈڈ ورژن کی تعمیر کو فروغ دینے اور زراعت، کان کنی، توانائی کے وسائل، ایرو اسپیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت دیگر شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں کے تحفظ کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے اور پاکستان چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ پاکستان چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے تجویز کردہ تین گلوبل انیشی ایٹوز کی بھرپور حمایت کرتا ہے، کثیرالجہتی پر عمل پیرا ہے اور پاکستان چین ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔وانگ ای نے کہا کہ چین پاکستان تعلقات بے مثال ہیں۔
چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کے استحکام اور بہتری کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کی اصلاحات اور کوششوں کی تعریف کرتا ہے۔ فریقین کو چین پاک اقتصادی راہداری کے "2.0 اپ گریڈڈ ورژن” کی تعمیر میں تیزی لانا چاہئے اور پاکستان کی آزادانہ ترقیاتی صلاحیتوں میں جامع اضافہ کرنا چاہئے۔ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں اس کی حمایت جاری رکھے گا اور بین الاقوامی امور میں پاکستان کے بڑے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔
چین ہر قسم کی دہشت گرد قوتوں کے خلاف پاکستان کے پرعزم اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔فریقین نے مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران وانگ ای نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ وانگ ای نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ چھٹے چین پاکستان وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں بھی شرکت کی