واشنگٹن (ویب ڈیسک) واشنگٹن میں چائنا میڈیا گروپ اور امریکا میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام "امن کی گونج” نامی ثقافتی سرگرمی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے تقریب سے ورچول خطاب کیا۔امریکا میں چینی سفیر شے فنگ اور امریکا میں مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔
شین ہائی شیونگ نے کہا کہ اس سال جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ ہے۔ 80 سال قبل کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی تجویز پر قائم کردہ جاپان مخالف قومی متحدہ محاذ کے جھنڈے تلے چینی عوام نے خونریز جنگیں لڑیں، دنیا بھر میں انصاف کی قوتوں کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور فسطائیت کو شکست دی ۔شین ہائی شیونگ نے کہا کہ افراتفری کی موجودہ دنیا میں ہمیں تاریخ کے سکھائے ہوئے سبق سے حکمت اور طاقت حاصل کر کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
اس موقع پر چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے تیارکردہ دستاویزی فلم "فلائنگ ٹائیگر ان دی اسکائی” دکھائی گئی۔ تقریب میں چین اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے 20 فنکاروں کی پینٹنگز کی نمائش بھی کی گئی۔ واشنگٹن ڈیلی نیوز، آسٹن ڈیلی ہیرالڈ، سالسبری پوسٹ اور سان ڈیاگو ٹائمز سمیت شمالی امریکہ کے 100 سے زائد مین اسٹریم میڈیا اداروں نے اس تقریب کی رپورٹنگ کی۔