بیجنگ (ویب ڈیسک) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اندرونی منگولیا خود اختیار علاقے کا دورہ کیا اور چین کے اس متحرک علاقے کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پیر کے روز چینی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران سفیر پاکستان نے مقامی رہنما وانگ لی شیا کے ساتھ بات چیت کی جس میں قابل تجدید توانائی، لائیو سٹاک، ماحولیاتی بحالی اور افرادی تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خلیل ہاشمی نے خطے کے معروف کاروباری اداروں کے ساتھ دو بی ٹو بی گول میز اجلاسوں کی بھی صدارت کی، جن میں اسٹیل اور تانبے کی کان کنی اور ریفائننگ، زراعت اور مویشی پروری پر توجہ مرکوز کی گئی۔ سفیر پاکستان نے انہیں رواں سال ستمبر میں بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔دورے کے دوران خلیل ہاشمی نے ہونڈر کالج آف آرٹس اینڈ سائنسز، انر منگولیا میوزیم اور یلی گروپ کی ڈیری سہولیات کا دورہ بھی کیا ، جس سے تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی روابط کو وسعت دینے میں مشترکہ دلچسپی کو اجاگر کیا گیا ۔
دورے کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے مقامی میڈیا سے بات چیت کی ، چین کے ماحولیاتی تہذیب کے وژن کے تحت اندرونی منگولیا کی قابل ذکر پیش رفت کو سراہا،اور آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔