چین اور ترکیہ کے نائب صدورکی چائنا-ترکیہ گرین ڈیولپمنٹ بزنس فورم میں شرکت
بیجنگ :چین کے نائب صدر ہان زنگ اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے استنبول میں مشترکہ طور پر چائنا-ترکیہ گرین ڈیولپمنٹ بزنس فورم میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ دونوں ممالک کے سیاسی اور کاروباری شعبوں کے تقریباً 300 نمائندوں نے اس فورم میں شرکت کی۔ ہان زنگ نے چین اور ترکیہ کے درمیان سبز اقتصادی و تجارتی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے تین نکاتی تجویز پیش کی کہ سبز ترقی کی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جائے، سبز ٹیکنالوجی کی صنعتوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے اور کثیر جہتی تعاون کو مزید گہرا کیا جائے۔ ہان زنگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچپنویں سالگرہ کے موقع سے فائدہ اٹھا کر سبز ترقی کے میدان میں تبادلوں اور تعاون کو گہرا کرنے کے لئے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری سے چین اور ترکیہ کے اقتصادی و تجارتی تعاون کے مزید ثمرات کے لئے مل کر کام کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔ ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین سبز ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں جیسے سبز ترقی کے شعبوں میں اہم مقام رکھتا ہے اور اس نے عالمی سبز تبدیلی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ترکیہ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
