سائنس آن ویلز: علم کی روشنی اُن بچوں تک، جن کیلئے ہر نیا موقع ایک نئی امید ہے

0


چائنا میڈیا گروپ کی بازیچہ سکول میں منفرد کاوش، محروم طبقات کے بچوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا سے روشناس کرانے کا موقع
علم کی روشنی جب اُن بچوں تک پہنچتی ہے جن کے لیے تعلیمی مواقع اور جدید سہولیات تک رسائی آسان نہیں ہوتی تو یہ محض ایک تعلیمی سرگرمی نہیں بلکہ اُن کے خوابوں کو نئی سمت دینے کی کوشش بن جاتی ہے۔ اسی جذبے کے تحت چائنا میڈیا گروپ نے 31 اکتوبر کو اسلام آباد کے تعلیمی ادارے ’بازیچہ‘ میں اپنے خصوصی پروگرام ’سائنس آن ویلز‘ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد بچوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی دلچسپ دنیا سے روشناس کرانا تھا۔

اسلام آباد کے ایک پوش علاقے میں کنٹینر کے اندر قائم بازیچہ ایک منفرد تعلیمی ادارہ ہے، جہاں یتیم اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ یہاں پسماندہ علاقوں سے آنے والے بچوں کو ابتدائی تعلیم سے ہائی سکول کی سطح تک اہم مضامین پڑھائے جاتے ہیں، تاکہ محدود وسائل کے باوجود ان کے لیے بہتر مستقبل کے راستے کھل سکیں۔
بازیچہ میں تدریسی خدمات انجام دینے والی معلمہ ماہم کاظمی نے بتایا کہ بازیچہ میں زیرِ تعلیم بچوں کو جدید معلومات اور سیکھنے کے نئے مواقع فراہم کرنا خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائنس آن ویلز کے تحت دکھائی جانے والی سائنسی مواد پر مبنی ویڈیوز کے ذریعے بچوں نے مختلف موضوعات کو روایتی تدریسی انداز کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر سمجھا اور ان میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس طرح سیکھنے کا یہ منفرد انداز بچوں کے لیے نہ صرف معلوماتی بلکہ خاصا دل چسپ بھی ثابت ہوا۔

بچوں کے چہروں پر تجسس اور سیکھنے کی جستجو اس بات کا اظہار تھی کہ علم کو دلچسپ اور آسان انداز میں پیش کیا جائے تو یہ ان کے ذہنوں میں نئے امکانات اور امنگوں کو جنم دے سکتا ہے۔
چائنا میڈیا گروپ کا سائنس آن ویلز پروگرام اسی سوچ کا عکاس ہے کہ جدید سائنسی معلومات صرف بڑے تعلیمی اداروں تک محدود نہ رہیں بلکہ ان بچوں تک بھی پہنچیں جنہیں ایسے مواقع کم میسر آتے ہیں۔ یہ کاوش اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ بچوں کی صلاحیتیں معاشی حالات کی محتاج نہیں ہوتیں، انہیں صرف مناسب مواقع، حوصلہ افزائی اور سیکھنے کے لیے سازگار ماحول درکار ہوتا ہے۔
بازیچہ میں یہ سرگرمی بچوں کے لیے محض سائنسی ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ نہیں تھی بلکہ ایک نئی دنیا سے تعارف کا ذریعہ بھی بنی۔
علم کی روشنی ہر بچے کا حق ہے اور کسی بچے کے خواب وسائل کی کمی کے باعث محدود نہیں ہونے چاہئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.