چین، گلوبل گورننس فورم 2026 (شیونگ آن) میں وژن دستاویز کا اجراء
بیجنگ :گلوبل گورننس فورم 2026 (شیونگ آن) 25 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوا۔ فورم کے اختتام پر ایک وژن دستاویز جاری کی گئی، جس میں عالمی گورننس میں اصلاحات اور بہتری کے حوالے سے مختلف فریقوں کے اتفاقِ رائے اور توقعات کو یکجا کیا گیا ہے۔وژن دستاویز میں کہا گیا ہے کہ عالمی گورننس کے بحران سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی پر عمل کرنا ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔ گلوبل ساؤتھ ممالک کو باہمی ہم آہنگی مضبوط بناتے ہوئے مشترکہ ترقی کے مطالبات کو تجارتی و اقتصادی قواعد کی مشترکہ تشکیل کے عملی اقدامات میں تبدیل کرنا چاہیے، تاکہ ترقی پذیر ممالک کی عالمی معاملات میں آواز اور اثر و رسوخ کو مؤثر طور پر بڑھایا جا سکے۔فورم کے دوران شرکاء نے "اعتماد اور تعاون کی بحالی: بدلتی ہوئی دنیا میں گلوبل گورننس کے نظام میں اصلاحات اور بہتری” کے موضوع پر تبادلۂ خیال کیا۔ شرکاء نے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر مبنی بین الاقوامی نظام کے تحفظ، ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے، بین الاقوامی اقتصادی و مالیاتی نظام میں اصلاحات کو گہرا کرنے، اے آئی، انٹرنیٹ اور خلائی حدود سمیت نئے شعبوں میں گورننس کو فروغ دینے اور تہذیبوں کے درمیان تبادلوں اور باہمی استفادے کو بڑھانے جیسے امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، جس کے نتیجے میں وسیع اتفاقِ رائے سامنے آیا۔شرکاء نے چین کی جانب سے "گلوبل گورننس ریسرچ سینٹر” کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز عالمی گورننس میں اصلاحات اور بہتری کے لیے مضبوط علمی و فکری معاونت فراہم کرے گا۔
