صدر، وزیراعظم ملاقات، مکہ دفاعی معاہدہ، قومی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے پر اہم مشاورت
اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مکہ دفاعی معاہدے، قومی سلامتی اوردہشتگردی کے خاتمے پراہم مشاورت کی، دونو ںرہنمائوں کا تاریخی سہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق اور دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، صدر مملکت نے کہا کہ مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملکی معیشت، عوام کی زندگیوں اور عالمی مقام کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ ،پاکستان کے تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے پر فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری سےایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے صدر کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا۔صدر مملکت نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سےسہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر زرداری نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔
ملاقات میں داخلی اور خارجی امور سمیت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
