سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں

0

ممبئی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی خاندان اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے پولیس میں درج شکایت کے مطابق تازہ دھمکی آمیز خط پیر کو بنگال کرکٹ کے صدر کے دفتر میں کھولا گیا۔ خط مکمل طور پر انگریزی میں تحریر تھا اور اس میں گنگولی اور ان کے خاندان کو ’’ختم‘‘ یا ’’جان سے مارنے‘‘ کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے ایسے خطوط موصول ہورہے تھے، جنہیں ابتدا میں حد سے زیادہ پرجوش مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے خطوط سمجھ کر نظر انداز کردیا گیا۔

تاہم حالیہ خط میں استعمال کی گئی جارحانہ زبان اور مسلسل دھمکیوں کے باعث خاندان نے معاملہ پولیس تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔

سارو گنگولی فیملی کی جانب سے ٹھاکر پکر پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کروائی گئی ہے، جبکہ ریاستی حکومت کے سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے گنگولی کے خلاف نازیبا اور قابل اعتراض ریمارکس پر مشتمل خطوط موصول ہورہے تھے، تاہم انہیں ابتدا میں ذاتی ناراضی یا گنگولی کو ناپسند کرنے والے کسی شخص کی حرکت سمجھا گیا۔

شکایت کے مطابق حالیہ دنوں سارو گنگولی اور ڈونا گنگولی کے نام دو خطوط موصول ہوئے، جن میں نہ صرف گنگولی کے خلاف نفرت انگیز تبصرے کیے گئے بلکہ گنگولی، ان کی اہلیہ اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کی جان و سلامتی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہونے کی دھمکی دی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط کورئیر کے ذریعے گنگولی کی رہائش گاہ پر بھیجے گئے تھے۔

پولیس حکام نے گنگولی کے پرسنل اسسٹنٹ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور گنگولی اور ان کے خاندان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.