وزیر خزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، اقتصادی تعلقات اور تعاون مضبوط بنانے پر گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔ جس میں پاک امریکا اقتصادی تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے دورہ واشنگٹن اور امریکی حکام سے ملاقاتوں اور امریکی وزیر خزانہ کے ساتھ حالیہ ملاقات سے انھیں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف، ڈی ایف سی اور امریکی ایگزم بینک حکام سے مذاکرات سے متعلق بھی بتایا، ملاقات میں پاکستان میں قابلِ عمل منصوبوں کیلئے امریکی سرمایہ کاری اور فنانسنگ بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کی امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی اور برآمدات بڑھانے پر زور دیا، ملاقات میں پاکستان امریکا دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلئے فریم ورک آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر عالمی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کی شمولیت اور فنانسنگ ذرائع متنوع بنانے پر بھی گفتگو کی گئی، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے اور ملکی کریڈٹ پروفائل مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں امریکی مالیاتی اداروں کی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ بندرگاہوں، لاجسٹکس، توانائی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاک امریکا باہمی تجارتی فریم ورک پر مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پر توجہ دے رہی ہے۔ امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے نئے نظام پر بھی امریکی حکام کو آگاہ کیا اور کہا عالمی منڈی کے مطابق قیمتیں ایڈجسٹ کرنے کیلئے روزانہ کا طریقہ کار بنایا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا حکومت کی توجہ مالیاتی نظم و ضبط، زرمبادلہ ذخائر اور برآمدات کے فروغ پر ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے اصلاحات جاری ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے علاقائی تنازع کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال سنبھالنے کو سراہا اور کہا توانائی قیمتوں میں اضافے کے باوجود معاشی و مالی استحکام برقرار رکھنا قابلِ تحسین ہے۔ امریکی ناظم الامور نے کہا امریکی کمپنیوں کی پاکستان کے اہم شعبوں میں شرکت بڑھانے میں دلچسپی برقرار ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاک امریکا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
