بینکاک (ویب ڈیسک) "چائنا ان اسپرنگ ٹائم:دنیا کے لیے چین کے ترقیاتی مواقع ” کے عنوان سے عالمی مکالمے کا تھائی لینڈ خصوصی سیشن بینکاک میں منعقد ہوا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائی شیونگ نے اس مکالمے سے ویڈیو خطاب کیا۔ چین اور تھائی لینڈ کی سیاسی، کاروباری، تعلیمی اور میڈیا کے شعبے کی شخصیات سمیت تقریباً دو سو شرکاء نے اس تقریب میں شرکت کی۔
شن ہائی شیونگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک بہتر دنیا ایک بہتر چین کی طرف لے جاتی ہے، اور ایک بہتر چین ایک بہتر دنیا کی طرف لے جاتا ہے۔ چین کے دو اجلاسوں کے دوران، صدر شی جن پھنگ نے اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو وسعت دینے، عالمی منڈیوں کو وسیع پیمانے پر تلاش کرنے اور انٹرنیشنل اکنامک سائیکل سے بہتر طور پر جڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ ایک بار پھر چین کے پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ "چین کے کھلے پن کے دروازے وسیع تر ہوتے رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ بین الاقوامی معیار کی مربوط نشریات، سائنسی و تکنیکی جدت اور میڈیا وسائل کی برتریوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چینی طرزِ جدیدیت کے ثمرات کو دنیا تک بہتر انداز میں پہنچانے، دنیا بھر کے دوستوں کے ساتھ چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مواقعوں کا اشتراک کرنے ، مشترکہ طور پر سائنس اور ٹیکنالوجی سے بنی نوع انسان کو فائدہ پہنچانے والے اختراعی پلیٹ فارم تیار کرنے، اور مشترکہ طور پر انسانی تہذیب کی ایک نئی تصویر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
اس تقریب کو تھائی نیشنل ٹیلی ویژن اور تھائی-چائنیز جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ سمیت مقامی مین اسٹریم میڈیا، اور پاکستان اور نیپال سمیت دیگر ممالک کے مین اسٹریم میڈیا نے رپورٹ کیا۔