افغانستان کی سرزمین کسی بھی پڑوسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دی جائیگی، افغان وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے گفتگو

0

افغانستان اور پاکستان جدا نہ ہونے والے بھائی ہیں، چینی وزیر خارجہ

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے درخواست پر افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ہفتہ کے روز متقی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے چین کی مثبت سفارتی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام ماضی میں جنگ کی تباہ کاریوں کے باعث شدید مصائب سے گزر چکے ہیں اور اب امن اور ترقی کے مواقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان خطے میں بدامنی نہیں بلکہ امن کا ذریعہ بننا چاہتا ہے۔ افغان حکومت اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی اور افغانستان کسی بھی ملک کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتا۔

ان کے مطابق مسائل کے حل کا واحد راستہ مکالمہ اور مشاورت ہے، اور افغانستان امید کرتا ہے کہ چین ایک بڑی طاقت اور دوست پڑوسی کے طور پر مزید مثبت کردار ادا کرے گا۔وانگ ای نے کہا کہ جب بیرونی ماحول غیر یقینی اور ہنگامہ خیز ہو تو خطے کے ممالک کو مزید اتحاد اور تعاون کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کرنا چاہیے اور مشترکہ سلامتی کے راستے کو اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان جدا نہ ہونے والے بھائی اور مستقل پڑوسی ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل صرف مکالمے اور مشاورت سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔ ان کے بقول طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید پیچیدہ اور کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے، جو دونوں ممالک اور خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔

چین افغانستان اور پاکستان کے درمیان تنازع کے حوالے سے ہمیشہ غیر جانبدار اور منصفانہ مؤقف رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی وزارتِ خارجہ کے خصوصی ایلچی برائے افغان امور دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور مصالحت کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے، جلد براہِ راست بات چیت کریں گے، فوری جنگ بندی اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔ چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان مفاہمت اور تعلقات میں بہتری لانے کے لیے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔فریقین نے ایران کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وانگ ای نے چین کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین افغانستان سمیت عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.