امریکہ جوہری تجربات معطل رکھنے کے اپنے وعدے کی پاسداری کرے، وزارت خا رجہ
بیجنگ (ویب ڈیسک) امریکہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری برائے اسلحہ کنٹرول نے چین پر جوہری دھماکے کے تجربات کا الزام عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ امریکہ مساوی اصول کی بنیاد پر جوہری تجربات دوبارہ شروع کرے گا۔اس حوالے سے بدھ کے روز چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں مذکورہ الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی دعوے محض قیاس آرائی اور حقائق سے عاری ہیں، جن کی کوئی ٹھوس بنیاد موجود نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ چین متعدد بار دو ٹوک مؤقف اختیار کر چکا ہے کہ وہ جامع جوہری تجربات کی ممانعت کے معاہدے کے مقاصد اور اصولوں کی مضبوط حمایت کرتا ہے اور پانچ جوہری طاقتوں کی جانب سے "جوہری تجربات کو معطل کرنے” کے عہد کی مستقل پاسداری کرتا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ امریکہ بین الاقوامی اسلحہ کنٹرول کی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے دیگر ممالک پر الزامات عائد کر کے انہیں بدنام کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ چین نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ جوہری تجربات معطل رکھنے کے اپنے وعدے کی پاسداری کرے، عالمی سطح پر جوہری تجربات کی ممانعت کے اتفاقِ رائے کا احترام کرے اور جوہری تجربات کی بحالی کے لیے بہانے تراشنا بند کرے۔