بیجنگ (ویب ڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے کم جونگ اُن کو کوریا کی ورکرز پارٹی کی نویں قومی کانگریس میں دوبارہ پارٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام بھیجا۔پیر کے روز اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ کم جونگ اُن کا دوبارہ کوریا کی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر منتخب ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ انہیں شمالی کوریا کی پارٹی، حکومت اور عوام کا بھرپور اعتماد اور دلی حمایت حاصل ہے۔
میں دعاگو ہوں کہ جنرل سیکرٹری کی قیادت میں کوریا کی ورکرز پارٹی اور عوام اس کانگریس کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سوشلسٹ تعمیر کے لیے ایک نئے مرحلے کا آغاز کریں۔ شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین اور شمالی کوریا کے تعلقات کو برقرار رکھنا، مستحکم کرنا اور فروغ دینا ہمیشہ سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور حکومت کی غیر متزلزل پالیسی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدی میں آنے والی غیر معمولی تبدیلیوں اور پیچیدہ بین الاقوامی صورتِ حال کے تناظر میں وہ جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور مقامی حکام کو ہماری طے شدہ اہم مفاہمتوں پر عمل درآمد کی رہنمائی دینے کے خواہاں ہیں، تاکہ چین-شمالی کوریا دوستی کا نیا باب رقم کیا جا سکے، دونوں ممالک کی سوشلسٹ تعمیر میں مزید خدمات انجام دی جا سکیں، دونوں عوام کی فلاح و بہبود اور دوستی کو فروغ دیا جا سکے، اور خطے اور دنیا میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔