سکیش چندرشیکھر کیس نے میرا بہت سا کام چھین لیا: نورا فتیحی

0

ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی سکیش چندرشیکھر سے متعلق 200 کروڑ روپے کے مبینہ بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں اپنا نام آنے کے وقت کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اور کیمرے کے سامنے رو پڑیں۔

نورا فتیحی نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیش چندرشیکھر تنازع نے میری زندگی اور کیریئر پر گہرا اثر ڈالا اور اس دوران مجھے بہت سے برانڈز اور کام سے ہاتھ دھونا پڑا۔

نورا فتیحی نے کہا کہ میں اس صورتحال سے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوئی، والدہ مجھے اور اپنی تربیت کو اچھی طرح جانتی ہیں، جبکہ دوست بھی میری شخصیت سے واقف ہیں، لیکن جو لوگ مجھے نہیں جانتے تھے، وہ میرے بارے میں کہی جانے والی باتوں پر یقین کرسکتے تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ ایک انتہائی حساس دور تھا اور ایک معمولی سی بات کی وجہ سے میں نے بہت سے برانڈز اور کام کھو دیے، آج بھی بعض لوگ میرا نام سکیش چندرشیکھر کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں اسے جانتی تھی یا اس کے ساتھ تعلقات میں تھی، حالانکہ یہ سچ نہیں۔

نورا فتیحی نے تسلیم کیا کہ سکیش چندرشیکھر نے مجھے ایک گاڑی اور دیگر تحائف دیے تھے، تاہم مجھے بتایا گیا تھا کہ اس نوعیت کے تحائف دینا معمول کی بات ہے، میں ایک تقریب میں گئی تھی اور سکیش کے اہل خانہ اور اہلیہ سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی معاملے کو کس طرح پیش کرتے ہیں، کیونکہ ’کرما حقیقت ہے‘۔

نورا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے پوچھ گچھ کا ذکر کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا انتہائی خوفناک تجربہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان دو برسوں کے دوران جو کچھ میں نے برداشت کیا وہ انتہائی مشکل اور خوفناک تھا، میں خود کے لیے افسوس محسوس کرتی ہوں اور خواہش تھی کہ کوئی میری مدد کے لیے موجود ہوتا، لیکن مجھے کوئی مدد نہیں ملی۔

نورا فتیحی نے کہا کہ دیگر اداکار اور فنکار بھی اسی صورتحال سے گزرے، تاہم انہیں فوری طور پر اس مشکل سے نکال لیا گیا، جبکہ میرے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ تھی کہ یہ تاثر پھیلایا گیا کہ میں سکیش چندرشیکھر کو جانتی تھی، اس کے ساتھ تعلقات میں تھی اور اس سے پیسے لیے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.