ہر قابلِ ذکر کامیابی برسوں کی محنت اور لگن کا ثمر ہوتی ہے، چینی میڈیا

0

بیجنگ (ویب ڈیسک) 5 مئی کو شیفیلڈ، انگلینڈ کے کروسیبل تھیٹر نے ایک تاریخی لمحے کا مشاہدہ کیا۔ 22 سالہ چینی کھلاڑی وو ای زے نے 2026 ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں انگلینڈ کے شان مرفی کو 18-17 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یوں وہ نہ صرف سنہ 2000 کی دہائی میں پیدا ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتی بلکہ چاؤ شن ٹھونگ کے بعد اس کھیل کے اعلیٰ ترین درجے تک پہنچنے والے دوسرے چینی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ شمال مغربی چین کے ایک عام لڑکے سے عالمی چیمپئن تک، خاموش استقامت سے فیصلہ کن کامیابی تک، وو ای زے نے اپنی محنت کے بل بوتے پر ایک نئی تاریخ رقم کی، نئے دور میں چینی نوجوانوں کی جدو جہد کے جذبے کی ترجمانی کی اور چینی سنوکر میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔

بیسٹ آف 35 گیمز کے اس طویل میچ میں دونوں فریقوں نے چار مرحلوں تک سخت مقابلہ کیا، کئی بار برتری کا پانسہ پلٹا، اور فیصلہ کن گیم میں پہنچنے تک اسکور 17-17 سے برابر ہو گیا۔ فیصلہ کن سیٹ میں وو ای زے نے دباؤ کو بخوبی سنبھالتے ہوئے 85 کا بریک اسکور کیا اور تمام شکوک و شبہات کا خاتمہ کر دیا ۔ 2002 کے بعد پہلی بار ورلڈ چیمپیئن شپ کا فائنل فیصلہ کن فریم تک پہنچا اور فتح حاصل کرنے والا کھلاڑی 2000 کی دہائی میں پیدا ہونے والا چین کا نوجوان تھا۔ وو ای زے نے سیلبی، وافی اور ایلن جیسے عالمی ٹاپ کھلاڑیوں کو شکست دی اور کئی مواقع پر شاندار کم بیک کیا۔ یوں ان کی چیمپئن شپ جیتنے کا معیار حالیہ برسوں میں نایاب مثال سمجھا جاتا ہے۔

شان و شوکت کے پیچھے وہ لگن اور محنت چھپی ہوتی ہے جس کا تصور کرنا عام لوگوں کے لیے مشکل ہے۔ وو ای زے کو 7 سال کی عمر میں سنوکر سے متعارف کرایا گیا تھا، انہوں نے 13 سال کی عمر میں منظم تربیت حاصل کرنا شروع کی اور 16 سال کی عمر میں برطانیہ جا کر روزانہ 6 گھنٹے سے زیادہ تربیت کی ۔ انہوں نے تنہائی اور دباؤ میں اپنے دماغ اورصلاحیت کو پختہ کیا۔ اپنے ابتدائی سالوں میں کمزور دفاع کے ساتھ ایک تیز جارحانہ کھلاڑی سے لے کر ایک متوازن ذہنیت کے حامل اچھے کھلاڑی تک، انہوں نے کئی سال کی محنت سے اپنی خامیوں پر قابو پایا، اپنی دفاعی کامیابی کی شرح 87 فیصد تک بڑھائی اور حقیقی معنوں میں ایک ہمہ جہت کھلاڑی بن گئے۔ جیسا کہ انہوں نے میچ کے بعد کہا: ” میں نے ہمیشہ ورلڈ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کی خواہش کی اور اسے حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہا ” ۔ خالص جذبہ، غیر متزلزل توجہ، اور مسلسل لگن نے ان کی چیمپئن شپ کی راہ ہموار کی۔

وو ای زے کی جیت ان کے خاندان کی مضبوط حمایت اور ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے، اور یہ چین میں سنوکر کے مسلسل فروغ کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ ڈینگ جون ہوئی، جنہوں نے چین میں سنوکر کے جنون کو فروغ دیا، سے لے کر چاؤ شن ٹھونگ تک، جنہوں نے پہلا عالمی ٹائٹل جیت کر نئی راہیں ہموار کیں، اور اب وو ای زے نے یہ سلسلہ آگے بڑھایا ہے۔ چینی کھلاڑیوں نے مسلسل دو برسوں سے کروسیبل میں چیمپئن شپ اپنے نام کی ہے، جو چینی سنوکر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس کے پیچھے نوجوانوں کے تربیتی نظام کی بہتری، تربیتی تصورات کی اپ گریڈیشن، بین الاقوامی تبادلوں کا گہرا ہونا، اور پیشہ وروں کی مسلسل محنت شامل ہے۔ چینی بلیئرڈ ایسوسی ایشن نے "چینی سنوکر میں ایک اور اعلیٰ اعزاز کا اضافہ کرنے پر” وو ای زے کو خوب سراہا ہے۔ یہ اعزاز صرف وو ای زے کا ہی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کا بھی ہے جنہوں نے چینی بلیئرڈز کے لیے سخت محنت کی ہے۔

مضبوط کھیل کا مطلب ایک مضبوط چین ہے اور کھیلوں کی خوشحالی قوم کی خوشحالی سے وابستہ ہے۔ حالیہ برسوں میں چین مسلسل ایک اسپورٹس پاور کے طور پر ابھر رہا ہے۔ چینی کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لے کر شاندار نتائج حاصل کئے۔ ڈائیونگ "ڈریم ٹیم” نے طلائی تمغے جیت لیے، ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹس نے اپنی حدود کو وسعت دی، اور بال گیمز میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی ہے، اور یوں چینی کھیلوں میں مسلسل نئے باب رقم کئے جا رہے ہیں۔ وو ای زے کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ چینی نوجوان نہ صرف اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں اپنی برتری قائم رکھ سکتے ہیں بلکہ یورپی و امریکی کھلاڑیوں کے غلبے والے روایتی کھیلوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ چینی نوجوانوں میں نہ صرف اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے کی ہمت ہے بلکہ وہ حقائق کی بنیاد پر تمام مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

جوانی آزمائشوں سے نکھرتی ہے اور زندگی جدوجہد سے اپنی اصل شان دکھاتی ہے۔ 22 سالہ وو ای زے نے دنیا کے بلند ترین اسٹیج پر چین کی 2000 کی دہائی کے بعد کی نسل کے اعتماد، ہمت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ان کی کامیابی ہمیں بتاتی ہے کہ ہر قابل ذکر کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت اور لگن ہوا کرتی ہے۔ عظمت کے ہر لمحے کے پیچھے ایک غیر متزلزل روح پوشیدہ ہے۔ امید ہے کہ وو ای زے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس سے بھی بڑی کامیابی حاصل کریں گے۔ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ مزید چینی نوجوان ان کی مثال پر عمل کرتے ہوئے اپنے اپنے میدان میں خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے، جوانی کی طاقت سے ایک نیا افسانہ لکھیں گے، اور چینی کھیلوں اور قومی احیاء میں مسلسل نوجوانوں کی توانائی فراہم کرتے رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.