ڈھاکا (ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے دورہ بنگلادیش میں سرکاری عہدیداروں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کے عوام بنگلا دیشی عوام کے ساتھ برادرانہ جذبات رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر بنگلا دیش پہنچے جہاں ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم سیام، پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر، پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
بنگلا دیش حکومت کی خصوصی دعوت پر اپنے دورے میں نائب وزیراعظم ڈھاکا میں اہم حکومتی اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، مشیر خارجہ محمد توحید حسین سمیت دیگر حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
اسحاق ڈار اور بنگلا دیشی حکام کے درمیان ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا، تعاون بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط متوقع ہیں۔
ڈھاکا میں پاکستان ہائی کمیشن میں وزیرخارجہ کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کی جن میں حکومتی مشیران، بیوروکریٹس، سیاسی رہنما، وائس چانسلرز، دانشور، تھنک ٹینک اراکین، کھلاڑی، فن کار، صحافی اور ریٹائرڈ جرنیل شامل تھے۔
اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات صدیوں پرانی مشترکہ روایات، اسلامی ورثے، سماجی اقدار اور ادبی اظہار سے جڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بنگلا دیشی عوام کے ساتھ برادرانہ جذبات رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں۔