آئی ایل ٹی 20 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ کیلئے 6فرنچائزز نے اسکواڈز فائنل کرلیے

دبئی (سپورٹس ڈیسک) ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے چھ فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پلیئر ڈرافٹ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں ہر ٹیم نے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا۔18 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 24 اگست سے 3 ستمبر تک دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی میں سنگل لیگ، راؤنڈ روبن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

اس ایونٹ کا مقصد یو اے ای کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا ہے تاکہ وہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20، 2025 کے پلیئر آکشن (جس کا انعقاد ایشیا کپ 2025 کے چند روز بعد ہوگا) سے قبل اپنی صلاحیتیں منوا سکیں۔ابوظبی نائٹ رائیڈرز ڈویلپمنٹ اسکواڈ میں ابرار احمد شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں 7 میچز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ عدتیہ شیٹی اور شاہد اقبال بھٹہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ڈیزرٹ وائپرز ڈویلپمنٹ نے خُزیمہ بن تنویر کو شامل کیا ہے، جنہوں نے پچھلے سیزن میں 7 میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور شارجہ واریئرز کے خلاف میچ وننگ اسپیل کرایا۔ ان کے ساتھ علی نذیر اور تنیش سوری بھی موجود ہیں۔دبئی کیپیٹلز ڈویلپمنٹ میں فرحان خان کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے گزشتہ سیزن کے اوپنر میں کیرون پولارڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی۔ ان کے ساتھ ذیشان نذیر بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

گلف جائنٹس ڈویلپمنٹ میں آیان خان شامل ہیں جو پہلے تینوں سیزنز میں سینئر ٹیم کا حصہ رہے۔ پچھلے سال انہوں نے 10 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ایم آئی ایمریٹس ڈویلپمنٹ میں آریان لکڑا اور تجربہ کار ظاہر خان شامل ہیں جبکہ شارجہ واریئرز ڈویلپمنٹ نے روہن مصطفیٰ کو اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے، جنہوں نے سیزن 3 میں 12 میچز کھیل کر ٹیم کو پہلی بار پلے آف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق اوپننگ میچ 24 اگست کو دبئی کیپیٹلز ڈویلپمنٹ اور ڈیزرٹ وائپرز ڈویلپمنٹ کے درمیان ہوگا جبکہ فائنل 3 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment