راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا اڈیالہ جیل میں تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا، جس کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹر اڈیالہ جیل آئے اور طبی معائنہ مکمل کیا۔
میڈیا کے مطابق اڈیالہ جیل ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا جیل میں آج تفصیلی طبی معائنہ ہوا ہے، پمز اسپتال اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹر اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کے شعبہ ای این ٹی کے سربراہ ڈاکٹر الطاف حسین، ڈینٹل شعبے کے سربراہ ڈاکٹر عمر فاروق، ایسوسی ایٹ پروفیسر جنرل ڈاکٹر محمد علی عارف، شعبہ معدہ اور جگر کے سربراہ ڈاکٹر عامر سلیم بھی جیل آئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل اسپتال کا عملہ بھی ڈاکٹروں کے ساتھ موجود رہا، ڈاکٹروں نے دو گھنٹے تک بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا اور واپس روانہ ہوگئے۔