شینزو-24 چین-پاکستان ہمہ جہت تعاون کے نئی بلندی تک پہنچنے کی علامت ہے، چینی میڈیا


اسلام آ باد : چین کا انسان بردار خلائی جہاز شینزو-24 کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔ یہ پہلا انسان بردار خلائی مشن ہے جس میں ایک غیر ملکی خلاباز نے حصہ لیا۔ پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو شینزو-24 کے مشن لوگو میں شامل کیا گیا، اور پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن تھیان گونگ میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے۔ یہ چین-پاکستان ہمہ جہت تعاون کے نئی بلندی تک پہنچنے کی علامت ہے، اور پرامن مقاصد کے لیے خلائی بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے میں چین کے لیے ایک اہم لمحہ بھی ہے۔شینزو-24 کی لانچنگ بیجنگ وقت کے مطابق صبح آٹھ بجکر اٹھارہ منٹ پر ہوئی، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجکر اٹھارہ منٹ تھے۔ ابھی سحر نہیں ہوئی تھی کہ لوگ براہِ راست نشریات دیکھنے کے منتظر تھے۔ کامیاب لانچنگ پر لوگوں نے قومی ترانہ گاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ چین میں بھی ایسا ہی ہوا۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی خلاباز کے چینی نظمیں پڑھنے، ان کی تربیت اور تھیان گونگ میں ان کے کھانے پینے تک ہر چیز موضوعِ بحث بنی رہی۔ چین-پاکستان دوستی پہلے ہی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں گھر کر چکی تھی، اس مشن نے اسے مزید بلندی پر پہنچا دیا۔اسی دن چینی صدر شی جن پھنگ اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے خلابازوں کی جانب سے خلا کی مشترکہ تحقیق چین پاک دوستی کا زندہ مظہر اور دوطرفہ تعاون کی نئی کامیابی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ تعاون پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو مزید بلندی تک لے جائے گا۔چین اور پاکستان خلائی تحقیق میں طویل عرصے سے قریبی تعاون رکھتے ہیں۔ مختلف خلائی مشنز سے لے کر سیٹلائٹ منصوبوں تک، یہ تعاون مسلسل گہرا ہوتا رہا ہے۔ یہ تحقیقی تعاون بظاہر خلا میں دور ہے، لیکن زمین پر ہی جڑیں رکھتا ہے اور عوام کی بہبود کے لیے وقف ہے۔ 2022 میں پاکستان کی 7 جڑی بوٹیوں کے بیج شینزو-14 کے ذریعے چینی خلائی اسٹیشن لے جائے گئے اور چھ ماہ کی خلائی تابکاری اور مائیکرو گریویٹی کے بعد واپس زمین پر لائے گئے۔ ان بیجوں سے طبی پودوں کی تناؤ برداشت کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے اور فعال اجزا بڑھانے کی امید وابستہ ہے۔ اس بار کے مشن کے چار تجربات میں سے ایک بیجوں سے متعلق بھی ہے: خلا میں کوئنووا کی تناؤ برداشت کرنے کی صلاحیت، بیجوں کی زندگی کی مدت اور غذائی خصوصیات میں تبدیلی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی بنیاد پر کوئنووا کی بہترین اقسام کی چھانٹ اور شناخت کی جائے گی، تاکہ پاکستان کی خشک اور نمکین زمینوں کے لیے اناج کی اصلاحِ نسل کو خلائی تحقیق سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی مدد مل سکے۔یہ مشن صرف چین اور پاکستان کا بڑا واقعہ نہیں، بلکہ خلا کے پرامن استعمال کے لیے بین الاقوامی تعاون میں چین کا ایک اہم قدم بھی ہے۔ غیر ملکی خلاباز کے انتخاب اور تربیت سے لے کر چینی و غیر ملکی خلابازوں کے باہمی تعاون، اور مشترکہ تجربات کے انتخاب اور ان پر عمل درآمد تک، اس مشن نے مستقبل میں بین الاقوامی تعاون کے لیے قیمتی عملی تجربہ فراہم کیا ہے۔ بلومبرگ، ایسوسی ایٹڈ پریس اور برطانوی جریدے "نیچر” سمیت متعدد بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے اس مشن کو "تاریخی” اور میل” جیسے الفاظ میں سراہا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بھی پاکستانی خلاباز کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔ ان کے بقول، چین بیرونی خلا کے پُرامن استعمال اور خلائی تحقیق کے ذریعے حاصل ہونے والے سائنسی نتائج سے تمام ممالک کو مستفید کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔چینی خلائی پروگرام کے آغاز کے 70 سال میں چین نے ہمیشہ خود انحصاری کی بنیاد پر ترقی کا راستہ اپنایا اور اعلیٰ سطح کی سائنسی و تکنیکی خود انحصاری حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی۔ 2011 میں چین کی پہلی خلائی تجربہ گاہ کے لانچ سے لے کر 2022 کے آخر تک تھیان گونگ خلائی اسٹیشن کی مکمل تکمیل تک 11 سال لگے۔ لیکن چین اپنی خلائی مہم تک محدود نہیں رہا، بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے خلائی شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو گہرا کرتا رہا۔ مشترکہ خلائی تجربات سے لے کر چاند اور مریخ کی تحقیق تک، چین خلائی تعاون کو وسعت دیتا رہا ہے اور تمام ممالک کے ساتھ مل کر خلا کی عالمی حکمرانی کو بہتر بنانے اور خلائی تحقیق کے نتائج پوری انسانیت تک پہنچانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔آئیے، تھیان گونگ میں موجود محمد ذیشان علی کے ساتھ مل کر علامہ اقبال کا یہ شعر دہراتے ہیں اور کامیابی کی نئی راہیں تلاش کرتے ہیں۔ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیںابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں

Comments (0)
Add Comment