پاکستانی خلاباز چین-پاکستان تعاون کے چار سائنسی منصوبے انجام دیں گے، پریس کانفرنس

بیجنگ : چین کے جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شینزو-24 انسان بردار خلائی مشن کے حوالے سے پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی خلاباز چین اور پاکستان کے تعاون سے چار سائنسی منصوبے انجام دیں گے۔ترجمان کے مطابق پاکستان چین کا ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ پاکستانی خلاباز کی چینی خلائی اسٹیشن کے مشن میں شرکت، چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلابازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی، جبکہ یہ چینی خلائی اسٹیشن پر کسی غیر ملکی خلاباز کی پہلی آمد بھی ہوگی۔ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یہ مشن دونوں ممالک کے تعاون کا ایک اور اہم ثمر اور روایتی دوستی کا نمایاں مظہر ہے۔ اس مشن کے تحت بائیوٹیکنالوجی اور مواد کے شعبوں میں چین پاکستان تعاون کے چار سائنسی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ پاکستانی خلاباز مدار میں فوٹوسینتھیٹک مائیکرو آرگینزم سائنو بیکٹیریا ایکسپیریمنٹ بھی انجام دیں گے۔چینی خلائی اسٹیشن کے منصوبے میں سائنسی تحقیق اور استعمال کے وسیع وسائل، مدار میں مستحکم آپریشن کی صلاحیت، زمین اور مدار کے درمیان آمدورفت کا پختہ نظام، اور خلابازوں کے انتخاب و تربیت کا مکمل نظام موجود ہے۔ اس کے ساتھ چین کا چاند کی تحقیق کا منصوبہ بھی مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔ چین وسیع کائنات کی تحقیق اور خلا کے پُرامن استعمال کے لیے تمام ممالک اور خطوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

Comments (0)
Add Comment