بیجنگ :شین زین میں چین کے صدر شی جن پھنگ نے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ چین۔ روس۔ امریکہ سربراہی ملاقات کی میزبانی کی۔یہاں ایک باریک نکتہ ہے جسے آسانی سے نظر انداز کیا جا سکتا ہے: اپیک اجلاس بھی اسی مقام اور اسی وقت ہو رہا تھا، لیکن تین بڑی طاقتوں کے سربراہان کی ملاقات کی میز ایجنڈے میں شامل نہیں تھی۔ یہ میز کسی کثیرالجہتی اجلاس کا ضمنی نتیجہ نہیں تھی، بلکہ اس کے لیے میزبان نے خصوصی طور پر وقت اور مقام مختص کیا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ میزبان کا مقصد ایک الگ نتیجہ حاصل کرنا تھا، نہ کہ راستے میں بننے والی محض ایک مشترکہ تصویر۔چینی صدر نے اس ملاقات کو ” تاریخی اہمیت کا حامل” قرار دیا، جبکہ اس ملاقات نے دنیا کو جو سب سے اہم چیز دی وہ استحکام کی توقع تھی۔گزشتہ چند برسوں کے دوران دنیا نے سب سے بڑی قیمت "اندازے” کی صورت میں ادا کی ہے: یہ اندازہ کہ دوسرا فریق تعلقات منقطع کرے گا ، یہ اندازہ کہ سرخ لکیر کہاں کھینچی گئی ہے، اور یہ خدشہ کہ کہیں ایک فوجی مشق غلط فہمی کے نتیجے میں حقیقی حملے میں تبدیل نہ ہو جائے۔ سرمایہ، غیر یقینی صورتِ حال کی قیمت ہمیشہ بری خبر کی قیمت سے زیادہ ادا کرتا ہے ۔ دنیا کی تین طاقتور ترین فوجی قوتوں کے سربراہان کے درمیان رابطے کا ایک راستہ موجود ہونا ہی بین الاقوامی سیاست کے لیے ایک بے حد قیمتی عوامی اثاثہ ہے۔ملاقات کے دوران صدر شی جن پھنگ نے بڑی طاقتوں کے درمیان باہمی تعلقات کے حوالے سے چار نکاتی مؤقف پیش کیا، جو کسی اخلاقی اعلامیے کے بجائے بڑی طاقتوں کے باہمی تعلقات کے لیے ایک عملی رہنما اصول معلوم ہوتا ہے:”باہمی احترام” بنیاد ہے، "پرامن بقائے باہمی” بنیادی حد ہے، تعاون اور مشترکہ فائدہ” مقصد ہے، اور "مکالمہ و مشاورت” طریقہ کار ہے۔ ان چاروں کی ترتیب واضح ہے: بنیاد کے بغیر سب کچھ بے معنی ہے؛ بنیادی حد کے بغیر، ہدف تک پہنچنے کی کوشش کسی بھی وقت صفر ہو سکتی ہے؛ اور طریقہ کار کے بغیر باقی سب محض کاغذی باتیں ہیں۔پہلا نکتہ، "باہمی احترام پر ثابت قدمی” ہے، اس حقیقت کو سمجھنا ہے کہ "کوئی بھی دوسرے کو تبدیل نہیں کر سکتا”، "داخلی معاملات میں مداخلت نہ کرنا، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کا احترام کرنا، حساس مسائل پر پیشگی مشاورت کرنا اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر سے سوچنا” — بظاہر یہ سفارتی زبان محسوس ہوتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ بحرانوں کی روک تھام کی کم ترین لاگت والی لکیر ہے۔ زیادہ تر بحران غلط فہمی سے جنم لیتے ہیں، اس لیے باہمی تعلقات کی بنیادی شرائط پہلے ہی واضح کر دینا بعد میں وضاحتیں دینے کے مقابلے میں کہیں آسان ہوتا ہے۔دوسرا نکتہ، "پرامن بقائے باہمی پر ثابت قدمی” ہے، جو بڑی طاقتوں کے لیے خود اپنے لیے اصول وضع کرنے کی بات کرتا ہے ۔ ” تھیوسیڈائڈز ٹریپ کوئی مقدر نہیں ” ، اس کا مطلب یہ ہے کہ عالمی ڈھانچہ انجام کا فیصلہ نہیں کرتا بلکہ انتخاب انجام کا تعین کرتا ہے۔ "جوہری جنگ نہ جیتی جا سکتی ہے اور نہ لڑی جا سکتی ہے "۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بعد میں یہ جملہ "چین-روس-امریکہ سربراہی امن اعلامیے” میں شامل ہو گیا۔ یوں تقریر میں استعمال ہونے والی سفارتی زبان تحریری متن کی شق بن گئی، جو معمول کی بات نہیں۔تیسرا نکتہ، "تعاون اور مشترکہ مفاد پر ثابت قدمی” ہے،جو اقتصادی تکمیلیت کی بات کرتا ہے۔ ایک ملک وسائل کی بڑی طاقت ہے، دوسرا مینوفیکچرنگ کی بڑی طاقت اور تیسرا صارفین کی بڑی منڈی ہے۔ان تینوں صلاحیتوں کو جوڑ کر ہی تعاون کے کیک کو بڑا بنایا جا سکتا ہے۔ اس نکتے کی عکاسی امن اعلامیے میں بھی موجود ہے: ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی میں اضافہ، اور توانائی کے مستقل بہاؤ کی اہمیت کا اعادہ۔ باہمی تکمیلیت کو محض صفت کے طور پر بیان کرنے کے بجائے اسے کسی شق میں شامل کرنا زیادہ وزن رکھتا ہے، کیونکہ شق پر عمل کرنا ہوتا ہے جبکہ صفت صرف پڑھی جا سکتی ہے۔چوتھا نکتہ، مکالمہ و مشاورت پر ثابت قدمی” ہے، جو بڑی طاقتوں کے درمیان رابطے کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ ایک باقاعدہ نظام مشترکہ تصویر کی طرح کسی بھی وقت جاری نہیں کیا جا سکتا، لیکن اس کی قدر مشترکہ تصویر سے کہیں زیادہ دیرپا ہوتی ہے۔ اگر شین زین کی ملاقات صرف ایک تصویر چھوڑ کر ختم ہو جائے تو اس کی اہمیت تیزی سے کم ہو جائے گی، لیکن اگر اس کے نتیجے میں ایک ایسی ہاٹ لائن قائم ہو جائے جس پر نصف شب بھی رابطہ کیا جا سکے تو اس کی اہمیت کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہو گا۔”چین-روس-امریکہ سربراہی امن اعلامیے” کی چاروں شقوں کو ایک ساتھ دیکھا جائے تو ایک باشعور اور محتاط رویہ سامنے آتا ہے: اقوام متحدہ میں اصلاحات کو آگے بڑھانا تاکہ وہ عالمی چیلنجز سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹ سکے؛ توانائی کی فراہمی اور اس کے مستحکم بہاؤ کو برقرار رکھنا تاکہ دنیا کے تمام ممالک فائدہ اٹھا سکیں؛ بین الاقوامی فوجداری عدالت اور دیگر اسی نوعیت کے اداروں کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کی مخالفت کرنا؛ اور جوہری خطرات کے حوالے سے مذاکرات کرنا۔ ان میں سے تین نکات منفی فہرست کی حیثیت رکھتے ہیں، یعنی اقوام متحدہ کے نظام کو کمزور نہ کرنا، اختیارات کا ناجائز استعمال نہ ہونے دینا اور جوہری جنگ نہ لڑنا، جبکہ ایک مثبت اقدام توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اعلامیہ دنیا کی تقسیم نہیں کرتا بلکہ اپنے لیے حدود اور ذمہ داریوں کا تعین کرتا ہے۔ یہی بات واضح کرتی ہے کہ یہ "نیا یالٹا” کیوں نہیں ہے۔ "یالٹا کانفرنس” میں فاتح قوتوں نے اپنے اثر و رسوخ کے دائرے تقسیم کیے تھے، جبکہ شین زین میں کوئی بھی اپنے ساتھ دنیا کا نقشہ لے کر نہیں آیا۔اس ملاقات سے بھی زیادہ گہری بات اس کے باہر موجود ہے۔ ان ممالک کے لیے جو کسی ایک فریق کا ساتھ دینے پر آمادہ نہیں، سب سے بڑا خدشہ غلط انتخاب کرنا نہیں بلکہ یہ ہے کہ انہیں دو میں سے صرف ایک انتخاب کرنے پر مجبور کر دیا جائے۔ شین زین کی یہ میز غیر جانب دار رہنے کی قیمت کم کرتی ہے۔ یہ کسی عالمی نظام کے خاتمے کا اعلان نہیں کرتی، بلکہ صرف ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتی ہے: دنیا کے معاملات اب کسی ایک ملک کی بالادستی میں نہیں رہیں گے۔ یہ کسی ایک فریق کی فتح نہیں بلکہ طاقت کا حساب لگانے کا طریقہ بدل جانے کی علامت ہے؛ یہ کسی کی پسپائی نہیں بلکہ یک قطبی دور کے اصولوں کے غیر مؤثر ہو جانے کا اظہار ہے۔ چین، روس اور امریکہ تینوں کی اپنی اپنی قومی صورتحال اور حالات ہیں۔ ایک ملاقات دنیا کو تبدیل نہیں کر سکتی، لیکن یہ دنیا کی اپنی بابت قائم توقعات کو ضرور تبدیل کر سکتی ہے۔ تین کرسیاں ایک میز پر رکھ دیا جانا صرف آغاز ہے؛ اصل جواب مستقبل میں سامنے آئے گا: کیا دوسری ملاقات بھی ہو گی؟ کیا کوئی ہاٹ لائن واقعی فعال ہو گی؟ اور کیا اگلے بحران کے آنے سے پہلے اس نمبر پر رابطہ کیا جا سکے گا؟