بیجنگ :چینی صدر شی جن پھنگ نے شین زین میں اپیک اکنامک لیڈرزمیٹنگ میں شرکت کے لیے آنے والے پاپوا نیو گنی کے وزیرِ اعظم جیمز ماراپے سے ملاقات کی۔منگل کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ہمیشہ پاپوا نیو گنی کو اپنا قابلِ اعتماد دوست اور اچھا شراکت دار سمجھتا ہے۔ چین پاپوا نیو گنی کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، نیز اپنے قومی حالات کے مطابق آزادانہ اور خودمختار ترقی کا راستہ اختیار کرنے کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاپوا نیو گنی کی حکومت ایک چین کے اصول پر ثابت قدم رہی ہے اور عملی اقدامات کے ذریعے چین کی علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کے تحفظ کی حمایت کرتی ہے۔ یہ اقدام تاریخی رجحان سے ہم آہنگ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہے۔ چین پاپوا نیو گنی کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو اقوامِ متحدہ، اپیک اور دیگر کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر باہمی ہم آہنگی بڑھاتے ہوئے بین الاقوامی عدل و انصاف کا تحفظ ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور سمندری ماحول کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینی چاہیے اور گلوبل ساؤتھ کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔وزیرِ اعظم جیمز ماراپے نے کہا کہ پاپوا نیو گنی صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ چار گلوبل انیشی ایٹوز کی حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ مل کر ایشیا پیسیفک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔