بیجنگ :چینی صدر شی جن پھنگ نے 2026 گلوبل گورننس فورم (شیونگ آن) کے نام ایک خط ارسال کیا۔ جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ اس وقت دنیا ایک صدی میں رونما نہ ہونے والی گہری تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، جبکہ امن، ترقی، سلامتی اور عالمی حکمرانی کے شعبوں میں موجود خلا مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ انہوں نے گلوبل گورننس انیشی ایٹو پیش کیا ہے، جس کا مقصد زیادہ منصفانہ اور مساوی عالمی حکمرانی کے نظام کی تشکیل کو فروغ دینا اور ایک بہتر دنیا کی تعمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر عالمی حکمرانی کے ایسے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تیار ہے جو وسیع مشاورت، مشترکہ شراکت اور باہمی مفادات پر مبنی ہو۔ اس کا مقصد باہمی اعتماد کے ذریعے طاقت حاصل کرنا، تعاون کے ذریعے چیلنجوں سے نمٹنا اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو پر عمل درآمد کو آگے بڑھانا ہے، تاکہ ہنگامہ خیزی اور تبدیلیوں سے دوچار دنیا میں زیادہ یقین اور مثبت توانائی پیدا کی جا سکے اور بنی نوع انسان کو مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لیے متحد کیا جا سکے۔ 2026 گلوبل گورننس فورم (شیونگ آن) کا افتتاح 23 اکتوبر کی شام چین کے صوبہ حہ بے کے شیونگ آن نیو ایریا میں ہوا۔اس فورم کا موضوع ہے "اعتماد اور تعاون کی بحالی: بدلتی ہوئی دنیا میں گلوبل گورننس کے نظام میں اصلاحات اور بہتری”۔