پورٹ آف اسپین ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم 387 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اس طرح قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 43 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے جارہے اس میچ میں قومی ٹیم کے اختتامی 3 کھلاڑی ای ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان بیٹر عبداللّٰہ شفیق 160 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی بیٹرز نے 266 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر تیسرے دن کھیل کا شروع کیا تو بابر اعظم سنچری بنانے کی کوشش کے دوران نروس نظر آئے۔
تیسرے روز بابر اعظم کوئی شاٹ کھل کر نہ کھیل سکے اور گزشتہ روز کے 86 رنز میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کی وکٹ گرنے کے بعد ویسٹ انڈین بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے ایک رن بنانے والے اویس ظفر کو وریکون نے بولڈ کیا، پھر صفر پر سلمان علی آغا کو شمار جوزف نے پویلین بھیج دیا۔
286 رنز پر قومی ٹیم 5 وکٹوں سے محروم ہوئی تو سنچری میکر عبداللّٰہ شفیق نئے آنے والے بلے بازوں کے ساتھ ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے۔ انہوں نے پہلے محمد رضوان کے ساتھ 25، ساجد خان کے ساتھ 59 اور علی عثمان کے ساتھ 17 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹوٹل 387 رنز تک پہنچایا۔
رضوان 18، ساجد 30 اور علی عثمان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے اختتامی 3 کھلاڑی 4 گیندوں میں پویلین لوٹ گئے، تینوں کو وریکون نے آؤٹ کیا جبکہ عبداللّٰہ شفیق 160 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل وریکون نے 6، شمار جوزف نے 2 جبکہ جیڈن سیلز نے ایک وکٹ لی۔
خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ہوم ٹیم کو 2 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے جس کے باعث قومی ٹیم کو سیریز برابر کرنے کےلیے اس میچ میں فتح درکار ہے۔