ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے سیزن 5 کا انعقاد نومبر اور دسمبر 2026 میں متحدہ عرب امارات میں ہوگا
دبئی (سپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد روہید نے کہا ہے کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 نے یو اے ای کے کرکٹرز کے لیے بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کی واضح راہ ہموار کی ہے، جہاں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو نہ صرف فرنچائز کرکٹ بلکہ قومی ٹیم میں بھی جگہ بنانے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔محمد روہید نے لیگ کی پہلی تاریخی پلیئر نیلامی کو اپنے کیریئر کا اہم ترین موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیزن 4 سے قبل ایم آئی ایمریٹس نے انہیں 1 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر میں خرید کر یو اے ای کے مہنگے ترین مقامی کھلاڑیوں میں شامل کر دیا، جو مقامی ٹیلنٹ پر فرنچائزز کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے نوجوان اماراتی کرکٹرز کو یہ یقین دلایا ہے کہ اگر وہ محنت اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں تو انہیں بڑے مواقع ضرور ملیں گے۔ ان کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ ان کا سفر دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنے۔محمد روہید نے بتایا کہ گزشتہ سیزن میں رنر اپ رہنے والی ایم آئی ایمریٹس کے ساتھ کھیلتے ہوئے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے اور ان کے ساتھ ٹریننگ کرنے سے ان کی کھیلنے کی سوچ اور اعتماد میں نمایاں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ نے انہیں ہر وقت تیار رہنے، دباؤ میں پرسکون رہنے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کا سبق دیا۔
انہوں نے سیزن 4 کے کوالیفائر 2 کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ٹاس سے صرف 10 منٹ قبل بتایا گیا کہ وہ میچ کھیل رہے ہیں، تاہم انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں 19 رنز کے عوض حاصل کیں اور برینڈن میک ملن اور لیام لیونگ اسٹون جیسے اہم بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔محمد روہید مزید کہا کہ کیرون پولارڈ، نکولس پوران، روماریو شیفرڈ، فضل حق فاروقی اور شکیب الحسن جیسے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہا۔ ان کے مطابق ان کھلاڑیوں کی تیاری، پیشہ ورانہ انداز اور قیمتی مشوروں نے ان کی کارکردگی کو مزید نکھارا۔محمد روہید اب یو اے ای کی قومی ٹیم کے مستقل رکن بھی بن چکے ہیں۔
وہ اب تک 3 ون ڈے اور 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ انہیں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی نمائندگی کرنا ان کی سب سے بڑی خواہش ہے اور وہ ہر سیزن میں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں تاکہ ہر مشکل صورتحال میں کپتان ان پر اعتماد کر سکے۔ انہوں نے ایم آئی ایمریٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائز نے ان پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔واضح رہے کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے چھ ٹیموں پر مشتمل 34 میچوں کے سیزن 5 کا انعقاد نومبر اور دسمبر 2026 میں متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔