تہران (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ اور عمانی وزیر خارجہ نے 11 جولائی کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں بات چیت کی، جس میں آبنائے ہرمز میں جہازرانی اورآمدورفت کے انتظام سے متعلق رابطہ کاری کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران دونوں ممالک کے قانونی اور تکنیکی وفود نے بھی بات چیت میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق بعض مراحل میں قطری حکومت کے وفد نے بھی حصہ لیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سلامتی، دونوں ممالک کے خود مختار حقوق کے احترام اور بین الاقوامی قانون کے اطلاق سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کی شق پانچ سے متعلق نکات پر بھی غور کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایران نے اس بات پر زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں مستقبل میں آمدورفت کے انتظامات کا فیصلہ ایران اورعمان باہمی مشاورت سے کریں گے۔ اسماعیل بقائی کے مطابق ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی، قانونی اور تکنیکی سطح پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔