موجودہ بین الاقوامی صورتحال پیچیدہ اور غیر یقینی ہے، چینی صدر

بیجنگ (ویب ڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، صدر مملکت شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے کورین ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور شمالی کوریا کے وزیراعظم پاک تھائے سونگ نے ملاقات کی۔جمعہ کے روزاس موقع پر شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ ماہ انہوں نے شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن کے ساتھ مل کر چین اور شمالی کوریا کی روایتی دوستی کو مضبوط بنانے، فروغ دینے اور اسے نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تزویراتی رہنمائی فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ نسل در نسل دوستی، مشترکہ تقدیر اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد چین۔شمالی کوریا تعلقات کی نمایاں خصوصیات رہی ہیں۔شی جن پھنگ نے زور دیا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال پیچیدہ اور غیر یقینی ہے۔ ایسے حالات میں چین اور شمالی کوریا کو تزویراتی استحکام اور اعتماد برقرار رکھنا چاہیے،دونوں رہنماوں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر جلد عمل درآمد کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ دونوں جماعتوں اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہیں، دونوں ممالک میں سوشلسٹ نظام مضبوط ہوں اور جدیدیت کی تعمیر میں معاون ثابت ہوں۔

شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو تزویراتی تعاون کو مضبوط بناتے ہوئے اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا بھرپور دفاع کرنا چاہیے اور اپنے اپنے قومی حالات کے مطابق سوشلسٹ ترقی کے راستے پر گامزن رہنے کے لیے سازگار بین الاقوامی ماحول پیدا کرنا چاہیے۔پاک تھائے سونگ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے 105ویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کی شاندار ترقی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "چین۔شمالی کوریا دوستی، تعاون اور باہمی امداد کا معاہدہ” دونوں ممالک کے تعلقات کی ترقی کے لیے طویل المدتی اور مضبوط قانونی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ معاہدے کی 65ویں سالگرہ کی تقریبات نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ چین اور شمالی کوریا کی دوستی بین الاقوامی حالات کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔

Comments (0)
Add Comment