کمیونسٹ پارٹی آف چائنا قومی نشاۃ الثانیہ کے عظیم مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے، شی
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر موجود نمیبیا کی صدر نٹیمبو نینڈیٹوا نے ملاقات کی۔منگل کے روز اس موقع پر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور نمیبیا کے درمیان گہری روایتی دوستی اور مشترکہ ترقی کا جذبہ موجود ہے۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک نے ہمیشہ مساوی برتاؤ، باہمی حمایت اور مسلسل فروغ پاتے دوستانہ تعاون کے ذریعے اپنے عوام کو حقیقی فوائد پہنچائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا پورے ملک کے عوام کو متحد کر کے چینی طرز جدیدیت کے ذریعے ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور قومی نشاۃ الثانیہ کے عظیم مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے، جبکہ نمیبیا بھی 2030 کے ترقیاتی وژن کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ ایسے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینا نہایت موزوں ہے جس کا مستقبل روشن ہے۔ چین نمیبیا کے ساتھ ترقیاتی نظریات اور حکمتِ عملیوں میں ہم آہنگی بڑھانے اور جدیدیت کے سفر میں شانہ بشانہ آگے بڑھنے کا خواہاں ہے۔
شی جن پھنگ نے نئے دور کے چین۔نمیبیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے تین تجاویز پیش کیں۔ اول، باہمی حمایت کو مزید مضبوط بنایا جائے اور ترقیاتی نظریات میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ دوسرا، تعاون کی نئی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعاون کے معیار کو بلند کیا جائے۔ تیسرا، اتحاد و تعاون کو مضبوط بنا کر کثیرالجہتی نظام کا مشترکہ دفاع کیا جائے۔ صدر نینڈیٹوا نے کہا کہ نمیبیا چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمیبیا کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ساتھ پارٹی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ملاقات کے بعد دونوں سربراہانِ مملکت نے معیشت و تجارت، صحت، تعلیم اور انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں متعدد تعاون کی دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔ملاقات سے قبل شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان نے عظیم عوامی ہال میں صدر نینڈیٹوا کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔