چینی اور پاکستانی فریقین نے بڑی تعداد میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، شہباز شریف
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ہانگ چو میں تیسری چائنا-پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز اور ایگریکلچر بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی۔ اتوار کے روز چینی میڈیا کے مطابقچین اور پاکستان کی 500 سے زائد کمپنیاں اس تقریب میں جمع ہوئیں، جو ابھرتی ہوئی صنعتوں میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کا اظہار ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف، جو ہانگ چو پہنچے تھے، سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے کانفرنس میں دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں کئی دستخطوں کا مشاہدہ کیا۔ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چین کے ان کے سابقہ دوروں سے لے کر ہانگ چو میٹنگ تک دونوں فریقوں نے بڑی تعداد میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ اب، ان یادداشتوں کو رسمی معاہدوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زراعت سمیت چار شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی امید بھی ظاہر کی۔ چین کے صو بے زے جیانگ کی حکومت اور پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے زے جیانگ کے شہر ہانگ چو میں دونوں صوبوں کے درمیان دوستانہ تبادلے کے تعلقات کے قیام کے بارے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں ۔