ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ کے مسٹر پرفکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ وہ اب فلموں میں نئے ٹیلنٹ کو موقع دینا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں اپنی پروڈیوس کردہ فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر اداکار کا کہنا تھا کہ اب انہیں احساس ہوگیا ہے کہ وہ ہر فلم میں کام نہیں کرسکتے۔اداکار نے بتایا کہ انہوں نے فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کو بھی اسی لئے پروڈیوس کیا کہ وہ ملک میں ابھرتے ہوئے نئے ٹیلینٹ کو موقع دینا چاہتے تھے۔
عامر خان نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر پر بہت زیادہ غوروفکر کیا اور ارادہ کیا کہ وہ اب اپنے سیکھے ہوئے ٹیلنٹ کو اگلی نسل کو منتقل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کے سامنے ایسی کہانیاں لانا چاہتے ہیں جو دل کو چھو لیں لیکن وہ تمام فلموں میں کام نہیں کرسکتے اسی لئے وہ انہیں پروڈیوس کریں گے۔
اداکار نے بتایا کہ وہ اب سال میں چار سے پانچ فلمیں پروڈیوس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہ نئے لکھاریوں، ہدایت کاروں اور فنکاروں کو پلیٹ فارم دینا چاہتے ہیں۔